سرینگر، فروری16//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے اِس عزم کو ایکبار پھر دوہرایا ہے کہ اُن کی جماعت تفرقہ انگیز طاقتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی جوکہ جموں وکشمیر کے سماجی تانے بانے اور تکثیری ہم آہنگی وبھائی چارے کو نقصان پہنچانے پر تلی ہیں۔بخاری لال چوک سرینگر میں پارٹی دفتر پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے کثیر تعداد میں سیاسی ورکروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی وسماجی کارکنان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن میں معروف سیاسی وسماجی کارکن آغا سید عباس رضوی، حاجرہ اختر بی ڈی سی چیئرپرسن سنگھ پورہ، شمیمہ اختر بی ڈی سی چیئرپرسن سنگرامہ، سنیئر سیاسی کارکنان افتخار حسین، غلام حسن ڈار، محمد رحم گنائی وغیرہ قابل ِ ذکر ہیں۔اس تقریب کے علاوہ منعقدہ ایک پروگرام میں معروف وکیل اور بار ایسو سی ایشن کے سابقہ جنرل سیکریٹری اور سابقہ کانگریس لیڈر گوہر حسن وانی نے بھی اپنے سیاسی حمایتوں سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری، نائب صدر ظفر اقبال منہاس، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر کپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون، انچارج گاندربل جاوید احمد میر اور پارٹی یوتھ لیڈر سجاد ابراہیم بھی موجود تھے۔ پارٹی صدر نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے سبھی خطوں اور ذیلی علاقوں کی یکساں تیز ترقی کریگی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مختلف طبقہ جات کے درمیان پائی جارہی دوری کو ختم کرنا پارٹی کا اہم کام رہے گا کیونکہ فرقہ وارانہ اور علاقائی ہم آہنگی کسی بھی قوم وملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم جز ہے۔بخاری نے کہا”فرقہ ورانہ اور طبقاتی سیاست جموں وکشمیر کے کئی لیڈران کی علامت رہی ہے لیکن اپنی پارٹی اس عمل کو ختم کرنے کی وعدہ بند ہے، ہم اُس بات پر کبھی یقین نہیں رکھتے جس کو عملی جامہ نہ پہنایاجاسکے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے جذباتی نعرؤں کی روایت کو ختم کیا اور کئی لیڈران نے بغیر شرم محسوس کئے ایسا کیا، ہمار را مقصد واضح ہے، رشوت خوری اور حویش پروری سے پاک گورننس کے ذریعے بہتر انتظامیہ“۔ اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی اپنی پارٹی کا اہم مطالبہ ہے جس کو ملکی قیادت کے سامنے پیش کیاگیاہے اور پارٹی اِس مقصد کے حصول کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا”اس وسیع وعریص خطہ جموں وکشمیر کے لئے اسٹیٹ ہڈ ناگیز ہے، اِس کا انتظام یونین ٹیریٹری کے طور لمبے عرصہ تک نہیں کیاجاسکتا، میرا ماننا ہے کہ مرکزی قیادت اِس بات کو اچھے سے سمجھتی ہے اور ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے فوری کوششیں کی جائیں تاکہ مناسب طریقہ سے جمہوری عمل شرو ع ہوسکے“۔کنونشن سے دیگر پارٹی لیڈران نے بھی خطاب کیا اور نئے ساتھیوں سے متعلقہ علاقوں میں عوام کی فلاح وبہبودی کے لئے کام کرنے کی تاکید کی۔ نئے شامل ہونے والوں نے پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔










