سری نگر، 4 فروری // ناظم تعلیم کشمیر محمد یونس ملک نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے سے قبل اساتذہ، طلبہ اور والدین کو کورونا وائرس سے بچنے کے لئے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تعلیمی اداروں کی تعداد ساڑھے تیرہ ہزار ہے جن میں 13 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
یوسف ملک نے یہ باتیں جمعرات کو یہاں تعلیمی اداروں کے سربراہان کو کورونا ایس او پیز و گائیڈ لائنز سے واقف کرانے کے لئے منعقدہ پروگرم کے پہلے دن نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر میں ہمارے پاس ساڑھے دس ہزار سرکاری سکول ہیں۔ نجی سکولوں کی تعداد بھی تین ہزار کے قریب ہے۔ ان سکولوں میں مجموعی طور پر 13 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ جب ہم 13 لاکھ بچوں کی بات کرتے ہیں تو یہ 13 لاکھ کنبوں کی بات ہے’۔
ناظم تعلیم نے کہا کہ ہمیں کمیونٹی، اساتذہ، طلبہ اور دیگر متعلقین کو سینیٹائز کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں ان کو کووڈ سے متعلق صحت، داخلہ اور تعلیم کی وزارتوں کی گائیڈ لائنز سے واقف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے تمام سکولوں کے سربراہان کو گائیڈ لائنز سے واقف کرانے کے لئے بڑے پیمانے پر پروگرام شروع کیا ہے۔ یہ پروگرام جمعرات کو شروع ہوا ہے اور اس میں ہمارا تعاون صوبائی کووڈ کنٹرول روم کر رہا ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمارے پاس سکول کھولنے کے لئے ابھی بیس دن ہیں۔ ہم سکول کھولنے سے پہلے تمام متعلقین بشمول طلبہ اور والدین کو بتانا چاہتے ہیں کہ کورونا سے بچنے کے لئے کیا کیا احتیاطی اقدامات ضروری ہیں’۔










