Terror around the world due to the deadly situation in Turkey and Syria

ترکیہ، شام میں تباہ کن زلزلہ:ہلاکتوں کی تعداد 15ہزار سے تجاوز کرگئی

ترکیہ اور شام میں 2 روز قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد شدید سرد موسم نے زندہ بچ جانے والوں اور امدادی سرگرمیوں کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ بنادی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 7.8شدت کے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ امدادی سرگرمیاں لگ بھگ 72 گھنٹوں سے جاری ہیں اور قدرتی آفات کے ماہرین کے مطابق جانیں بچانے کا سب سے زیادہ امکان اس دورانیے کے اندر ہی ہوتا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے کے ردعمل میں اقدامات کے حوالے سے اپنی حکومت کی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے بعد کوتاہیوں کو تسلیم کرلیا ہے، تباہ کن زلزلے میں زندہ بچ جانے والے اپنی مدد آپ کے تحت خوراک اور پناہ گاہوں کی تلاش کے لیے مجبور ہیں۔
اس دوران بعض ایسے واقعات بھی سامنے آئے جہاں ملبے میں دبے بے بس افراد نے مدد کے لیے ریسکیو کو پکارا اور آخر کار ملبے تلے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ترکیہ کے جنوبی صوبے ہیٹے میں ایک کنڈرگارٹن اسکول کے استاد سمیر کوبان نے کہا کہ ’میرا بھتیجا، میری سالی اور اس کی بہن ابھی تک ملبے تلے دبے ہیں، وہ وہاں پھنس چکے ہیں اور وہاں زندگی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم ان تک پہنچ نہیں پارہے، ہم ان سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں مل رہا، ہم مدد کے منتظر ہیں، اب 48 گھنٹے گزر چکے ہیں‘۔
تباہ کن زلزلے کے بعد ملبوں میں دبے زندہ بچ جانے والوں کو ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی حکومت پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد انہوں نے زلزلے سے شدید متاثر ہونے والے کچھ علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن میں مسائل کا اعتراف بھی کیا۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ ’ہاں بالکل، کچھ کوتاہیاں ہیں، حالات سب کے سامنے ہیں، اس طرح کی تباہی کے لیے پہلے سے تیار ہونا ممکن نہیں ہوتا‘۔ ’اے ایف پی‘ سے وابستہ صحافیوں اور انٹرنیٹ کو مانیٹر کرنے والے ادارے ’نیٹ بلاک‘ کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے موبائل نیٹ ورکس پر ’ٹوئٹر‘ نہیں چل رہا۔
ترک پولیس نے 18افراد کو ’اشتعال انگیز‘ سوشل میڈیا پوسٹس پر حراست میں بھی لیا ہے جن میں حکومت کے ردعمل پر تنقید کی گئی تھی۔
حکام اور طبی ماہرین نے بتایا کہ زلزلے کے سبب اب تک ترکیہ میں 12 ہزار 391 اور شام میں لگ بھگ 2ہزار 992افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس سے ہلاکتوں کی کُل تعداد 15 ہزار 383ہوگئی، ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس تعداد میں اضافہ ہوگا۔
عالمی مدد کی اپیل
بڑے پیمانے پر نقصان اور بعض علاقوں میں مدد کی کمی کی وجہ سے زندہ بچ جانے والوں نے کہا کہ وہ تباہ کن زلزلے کے ردعمل میں تنہا محسوس کر رہے ہیں۔ باغیوں کے زیر قبضہ شامی قصبے جندیرس میں حسن نامی شہری نے بتایا کہ ’جو عمارتیں نہیں گریں انہیں بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ملبے کے نیچے اس سے اوپر موجود لوگوں سے زیادہ تعداد موجود ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر منہدم عمارت کے نیچے تقریباً 400 سے 500 لوگ پھنسے ہوئے ہیں جبکہ صرف 10لوگ انہیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کوئی مشینری بھی موجود نہیں ہے’۔ شام کے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں ملبے تلے دبے لوگوں کو بچانے کی کوششوں کی قیادت کرنے والی تنظیم ’وائٹ ہیلمٹ‘ نے محدود وقت کے پیشِ نظر عالمی مدد کی اپیل کی ہے۔
وہ زلزلے کے بعد سے جنگ زدہ ملک شام کے شمال مغربی علاقوں میں (جو حکومت کے کنٹرول سے باہر ہیں) درجنوں عمارتوں کے ملبے کے نیچے سے زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایک سرکردہ عہدیدار نے شمال مغرب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں تک امدادی رسائی کو آسان بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امدادی ذخائر جلد ختم ہو جائیں گے۔
اقوام متحدہ کے شامی کوآرڈینیٹر المصطفیٰ بینالملیح نے بتایا کہ ’سیاست کو ایک طرف رکھیں اور ہمیں انسانیت کی بنیاد پر اپنا کام کرنے دیں‘۔