او بی سی کمیشن کی رپورٹ غیر نافذ، مقامی انتخابات کے امکانات بھی غیر یقینی
سرینگر// یو این ایس// جموں و کشمیر میں پہلی بار 2020 میں قائم کیے گئے 20 ضلع ترقیاتی کونسلوں(ڈی ڈی سیز) کا پانچ سالہ دور مکمل ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی پنچایتی نظام کی تمام تین سطحیں ختم ہو گئی ہیں۔ پہلے ہی پنچایتیں، میونسپلٹیاںور بلاک ڈیولپمنٹ کونسلیں (بی ڈی سیز) اپنی مدت مکمل کر چکی ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق، مقامی انتخابات کے فوری امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ او بی سی کمیشن کی سفارشات، جس میں او بی سی کی مخصوص نشستوں کے فیصد کا تعین کیا گیا، حکومت کے پاس گزشتہ ایک سال سے زیر التوا ہیں۔حکام کے مطابق، ڈی ڈی سیز کے ذریعے تقریباً دو ہزار کروڑ روپے کے سرمایہ کاری منصوبے عمل میں لائے گئے، اور اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا یہ سرمایہ کاری براہ راست محکمہ دیہی ترقی کے ذریعے خرچ کی جائے گی یا نہیں، کیونکہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ڈی ڈی سیز کے اختیارات کسی کو منتقل نہیں کیے جائیں گے۔یو این ایس کے مطابق جموں و کشمیر میں کل 20 ڈی ڈی سیز تھیں، جن میں ہر ڈویڑن کے لیے 10 دس ضلع ترقیاتی کونسلیں شامل تھیں۔ ہر ڈی ڈی سی میں 14 ارکان منتخب کیے گئے، جن میں سے ایک کو چیئرمین اور ایک کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔ جموں میں بی جے پی چھ ڈی ڈی سیز پر حاوی رہی جبکہ نیشنل کانفرنس تین ڈی ڈی سیز کی قیادت کرتی رہی۔پنچایتیں، میونسپلٹوں اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسلیں دو سال قبل ختم ہو چکی ہیں، جبکہ ضلع ترقیاتی کونسلوں نے پانچ سالہ مدت مکمل کی۔ اس کے ساتھ جموں و کشمیر میں بڑی دھوم دھام سے قائم کیے گئے تمام تین درجوں کے پنچایتی ادارے ختم ہو گئے ہیں۔اس وقت اسٹیٹ الیکشن کمیشنر کی ذمہ داری، جو ڈی ڈی سیز، میونسپلٹیوں، پنچایتوں اور بی ڈی سیز کے انتخابات کرانے کے لیے مختص تھی، پچھلے دس ماہ سے غیر فعال رہی۔ حال ہی میں ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر شانت مانو کو نیا الیکشن کمیشنر مقرر کیا گیا اور انہوں نے حلف لیا۔مرکزی حکومت کی جانب سے او بی سی کو ریزرویشن دینے کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) جنک راج کوٹوال کی سربراہی میں کمیشن بنایا گیا، جس نے فروری 2025 میں رپورٹ پیش کی، تاہم حکومت نے ابھی تک اس کی سفارشات پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ سرکاری اہلکاروں کے مطابق، او بی سی کے لیے مخصوص نشستوں کا اعلان کیے بغیر مقامی انتخابات کرانا ممکن نہیں، کیونکہ اس سے ریزرویشن نشستوں کی گردش متاثر ہو گی۔ڈی ڈی سیز کا قیام پہلی بار 2020 میں اعلان کیا گیا اور ان کے پہلے انتخابات نومبر تا دسمبر 2020 میں ہوئے۔ جنوری-فروری 2021 میں یہ باقاعدہ قائم کی گئیں اور آج ان کی پانچ سالہ مدت مکمل ہو گئی۔










