’’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘‘ کے پروڈیوسر پر اداکارہ نے نئے الزامات عائد کردیئے

’’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘‘ کے پروڈیوسر پر اداکارہ نے نئے الزامات عائد کردیئے

بھارت کے معروف ڈرامہ سیریل تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ کی اداکارہ جینیفر بنسیوال نے پروڈیوسر اسیت کمار مودی کیخلاف نئے الزامات عائد کردیئے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جینیفر بنسیوال نے تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ کے پروڈیوسر اسیت کمار مودی پر الزام عائد کیا ہے کہ ’’وہ جنسی ہراسانی کے مقدمے میں گروچرن سنگھ، جنہوں نے جینیفر کے آن اسکرین شوہر کا کردار ادا کیا تھا، انہیں اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’گروچرن سب کچھ جانتا ہے اور مئی 2023 میں اس نے مجھے یقین دلایا تھا کہ وہ عدالت میں میرے لیے گواہ ہوں گے، تاہم وہ میڈیا میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے لیکن وہ میری حمایت کیلئے عدالت میں آئیں گے‘‘۔جینیفر نے مزید کہا کہ ’’9 جون کو جب میں ان سے ملنے گئی تو اس نے مجھے بتایا کہ انہیں 8 جون کو اچانک دفتر بلایا گیا تھا اور ان کے تمام بقایاجات جو گزشتہ ساڑھے تین سال سے زیر التوا تھے انہیں ادا کردیا گیا جس کے بعد میں سمجھ گئی کہ وہ میرے حق میں بیان نہیں دے گا‘‘۔واضح رہے کہ جینیفر بنسیوال پچھلے 15 سال سے ٹی وی شو میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار ادا کر رہی ہیں، نے کہا ہے کہ انہوں نے 8 اپریل کو متعلقہ حکام بشمول خواتین کے قومی کمیشن اور ممبئی پولیس کو ایک خط بھیجا تھا جس میں انہوں نے پروڈیوسر مودی، پراجیکٹ کے سربراہ سہیل رمانی اور ایگزیکٹو پروڈیوسر جتن بجاج پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت کی تھی۔قبل ازیں تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ ڈرامے کی ایک اور اداکارہ نے مونیکا بھدوریا نے بھی انکشاف کیا تھا کہ پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے ان کے تین ماہ کے واجبات ادا نہیں کیے جو کہ تقریباً 4-5 لاکھ روپے بنتے ہیں۔