نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی میں کچرا اٹھانے والی کمپنیوںکی اب تک ادائیگی نہ کرنے کے بعد کارپوریشن کے تقریبا 1000 صفائی کارکنوں سے روزگار چھیننے کا کام کیا ہے۔عآپ کے سینئر لیڈر درگیش پاٹھک نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ جب یہ کہا گیا کہ تینوں ایم سی ڈی کو متحد کر رہے ہیں، تو پوری بی جے پی نے ایک ہی بات کہی کہ اب کارپوریشن کی تمام پریشانیاں ختم ہو جائیں گی۔ اب ایم سی ڈی میں کوئی مالی مسئلہ نہیں ہوگا۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ انضمام کے بعد بی جے پی دہلی کے لوگوں کو سزا دینا چاہتی ہے یا ان سے بدلہ لے رہی ہے۔پاٹھک نے کہا کہ انہوں نے کل بتایا تھا کہ میٹرو ویسٹ نام کی کمپنی نے قرول باغ کے سات وارڈوں میں کچرا اٹھانا بند کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح کل اے جی انوائرو نامی کمپنی نے کہا کہ اگر اسے ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ کچرا نہیں اٹھائے گی۔ اب میٹرو ویسٹ کمپنی نے ایسٹ ایم سی ڈی کے تحت آنے والے نارتھ ایسٹ لوک سبھا حلقہ میں اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن سے بھی کچرا جمع کرنا بند کردے گی۔ صورت حال یہ بن گئی ہے کہ اگر 15 دن کے اندر ادائیگی نہیں کی گئی تو پوری دہلی میں صرف اور صرف کچرا ہی نظر آئے گا۔بی جے پی جو سب سے خطرناک کام کر رہی ہے وہ یہ ہے کہ اس نے ملازمین کو نکالنا شروع کر دیا ہے۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن میں 250 کنٹریکٹ ہاؤس کیپنگ ملازمین، جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن میں 100 ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور ایسٹرن کارپوریشن ہیڈ کوارٹر کے پورے عملے کو نکال دیا گیا۔پاٹھک نے کہا کہ ہم بی جے پی کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ نے دہلی میں کچرا اٹھانے کے نظام کو مکمل طور پر خراب کر دیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ پوری دہلی کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو رہی ہے۔ ہم بی جے پی کی مرکزی حکومت سے اس معاملے پر توجہ دینے کی اپیل کرتے ہیں۔ ہم آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتے ہیں کہ تمام کمپنیوں کی تمام زیر التواء ادائیگیاں جلد از جلد حاصل کریں تاکہ کوڑا اٹھنا شروع ہو جائے۔ ساتھ ہی ہماری درخواست ہے کہ ملازمین کو برطرف نہ کیا جائے۔










