علی گڑھ: اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی کی حمایت کرنے والے اتحاد ملت کاؤنسل کے قومی صدر مولانا توقیر رضا خان نے علی گڑھ شہر صدر اسمبلی حلقہ کے امیدوار سلمان امتیاز کی حمایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کو مضبوط بنائے رکھنے اور ملک کی ترقی کے لئے کانگریس امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ دیں۔ کانگریس امیدوار کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا توقیر رضا خان نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کے لئے کام کرنے والی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے کسی بھی طبقہ کا بھلا نہیں کیا۔ بی جے پی ملکی مفاد میں منحوس پارٹی ثابت ہوئی اور ملک کے ہر طبقہ کو بغیر کسی تفریق اس کے صفایہ کے لئے کانگریس کو اپنا ووٹ دینا چاہئے۔
توقیر رضا خان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو اپنی بیوی نہیں سنبھال سکے وہ ملک کیا سنبھالیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے ان کی پارٹی نے کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کانگریس امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، ان کی حمایت کے لیے وہاں جا کر عوام سے اپیل کریں گے۔توقیر رضا کا کہنا ہے کہ بی جے پی راشٹرواد کا ڈھونگ کرتی ہے اور ملک کی اکثریت کو تقسیم کر کے اپنا سیاسی مفاد حاصل کرتی رہی ہے، لیکن اب عوام ان کے جھوٹ اور فریب میں آنے والے نہیں ہیں، اور اس مرتبہ بی جے پی کا تلسمی قلعہ گرانے کا کام عوام کریں گے۔ بی جے پی کے فرضی راشٹرواد پر انہوں نے کہا کہ ہندتوا کا دکھاوا کرنے والے وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ پہلے چین سے اپنی زمین اور مانسروور کو واپس لیں۔ انہوں نے چیلینج دیتے ہوئے کہا کہ فوج کو ہٹا کر انہیں ہتھیار دیے جائیں، ہم نہ صرف ملک کا وقار واپس لانے کے لئے چین سے مانسروور واپس لیں گے بلکہ پاکستان کو ہندوستان میں ملانے میں بھی کامیاب رہیں گے۔
بی جے پی حکومت میں ایک بھی ہندو-مسلم فساد نہ ہونے کے سوال پر توقیر رضا نے کہا کہ جو لوگ آج حکومت میں ہیں وہی لوگ اقتدار کو پانے اور آپس میں تقسیم کرنے کے لئے دنگے کرواتے تھے، چور اب چوکیدار ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کانگریس کے صوبائی سکریٹری سید وسیم احمد، ضلع سکریٹری ندیم غفور، سینئر لیڈر ایس ایم قیام وغیرہ موجود رہے۔










