اترپردیش میں یوگی حکومت کی زیرو ٹالیرنس پالیسی کو دکھاوا قرار دیتے ہوئے سماجو ادی پارٹی کےسربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں تھانے، تحصیل،کلکٹریٹ سب بدعنوانی کے اڈے بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی زیرو ٹالیرنس پالیسی محض دکھاوا ہے۔ اقتدار تحفظ میں انتظامیہ معصوموں، غریبوں کو ہراساں کرنے میں لگ گیا ہے۔ کسانوں پر بلڈوزر چل رہا ہے۔ جھوٹ کے سہارے سبھی حصولیابیاں شمار کرائی جارہی ہیں۔یادو نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں دعوؤں کا فریبی تاج محل تیار کرنے کا کوئی حساب نہیں ہے۔ اترپردیش میں بی جے پی کی سابقہ حکومت میں پانچ لاکھ نوکریاں دئیے جانے کا دعوی کیا گیا تھا جس کا ڈاٹا آج تک عام نہیں کیا گیا کہ کس کو کہاں نوکری ملی۔ اب بی جےپی حکومت 100دن میں دس ہزار نوکریاں دینے کا دعوی کررہی ہے۔ ان کے قول و فعل کو سبھی نے دیکھا ہے۔ بی جے پی حکومت کے کئی اعلانات محض جھانسہ ہیں۔ نوجوانوں کونوکری ، روزگار کے تئیں بی جے پی حکومت پوری طرح بے حس ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان خودکشی کرنے کو مجبور ہیں۔
ایس پی صدر نے کہا کہ میرٹھ میں بی جے پی لیڈر کے غنڈوں کے ذریعہ ایک غریب ویج بریانی بیچنے والے کی لاچاری کا فائدہ اٹھاکر اس کی روزی۔ روٹی کو تہس نہس کردینا بی جےپی حکومت کے جنگل راج کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشوا س کے نعرے سے لوگوں کو گمراہ کرنے میں ماہر بی جے پی قیادت کو اس بات کا جواب دینا ہوگا کہ اترپردیش میں نفرت پھیلا کر کیوں مظالم کو بے لگام کررکھا ہے۔بی جے پی کا ایجنڈا سماج کو تقسیم کر کے اپنا سیاسی مفاد حاصل کرنا ہے۔ عوام اس کی سچائی سے پوری طرح سے آگاہ ہیں۔ بی جے پی کی جھوٹ کی بیل اب سر چڑھنے والی نہیں ہے۔










