بی آر او چیف نے چیف سیکرٹری کے ساتھ سیلاب کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

جموں//پی وی ایس ایم، وی ایس ایم، ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈز (ڈی جی بی آر)لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نے آج سول سیکرٹریٹ جموں میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو سے ملاقات کی۔ڈِی جی بی آر کے ہمراہ چیف اِنجینئر پروجیکٹ سمپرک بریگیڈیئر راکیش کمار مشرا اورٹیکنیکل سیکرٹری ڈِی جی بی آر کرنل وِشل کمار سریواستو بھی تھے۔ دوران میٹنگ لیفٹیننٹ جنرل سری نواسن نے چیف سیکرٹری کو جموں و کشمیر میں بین الاضلاعی سڑک رابطے کی بحالی کے لئے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی جانب سے جاری اقدامات بالخصوص حالیہ سیلاب جیسی صورتِ حال کے بعد سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ سڑکوں کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لئے مشینری اور اَفرادی قوت کو جنگی بنیادوں پر متحرک کیا گیا ہے۔ڈِی جی بی آر نے سڑکوں کی بحالی کے جاری منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور جموں و کشمیر کی اہم شاہراہوں کو دوبارہ کھولنے کے متوقع اوقات سے متعلق جانکاری دی۔اُنہوں نے بی آر او کی جانب سے ان اہم راستوں کو جلد از جلد قابلِ آمدورفت بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور بنیادی اشیأ اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لئے مکمل تیاری کی یقین دہانی کی۔چیف سیکرٹری نے ڈِی جی بی آر سے گفتگو کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سڑک رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سڑکیں نہ صرف بنیادی اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے لئے ناگزیر ہیں بلکہ ان کی تزویراتی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔اُنہوں نے کام کی ہنگامی نوعیت کو اُجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ بحالی کے کاموں کی رفتار کو دوگنا کیا جائے تاکہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر جیسے پہاڑی علاقے میں سڑکیں یہاں کے لوگوں کی لائف لائن ہیں اور مشکل حالات کے باوجود ان سڑکوں کی بحالی میں بی آر او کی لگن کو سراہا۔چیف سیکرٹری نے یقین دِلایاکہ بی آر او ایک بار پھر عوامی توقعات پر پورا اترے گا اور اہم سڑکوں کے رابطے کو ریکارڈ وقت میں بحال کرے گا۔ اُنہوں نے بی آر او کو سول اِنتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی بھی کی۔