بین الاقوامی ووشو گولڈ میڈلسٹ نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی

سرینگر //بین الاقوامی ووشو گولڈ میڈلسٹ محترمہ سعدیہ طارق نے راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ ان کے ہمراہ ہندوستان کے قومی چیف کوچ اور دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ مسٹر کلدیپ ہنڈو بھی تھے ۔ انہوں نے لفٹینٹ گورنر کو جموں و کشمیر میں نیشنل ووشو اکیڈمی کے قیام سمیت کھیلوں کے فروغ اور ترقی سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبت کے مہینے میں انڈو نیشیا میں منعقد ہونے والی آئیندہ 8 ویں جونئیر ورلڈ ووشو چیمپن شپ کیلئے جونئیر نیشنل ووشو کوچنگ کیمپ کیلئے جموں و کشمیر سے سات کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی اور کھیلوں کے ہنر کو پروان چڑھانا یو ٹی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے گراؤنڈ بریکنگ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت جموں و کشمیر کھلاڑیوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام خدشات اور مطالبات کو غور سے دیکھا جائے گا ۔