جموں//جموں و کشمیر کے لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے 8 مارچ کو منائے جانے والے انٹر نیشنل وومنز ڈے کے موقع پر جموں و کشمیر کی خواتین کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ انٹر نیشنل وومنز ڈے کے موقع پر میں جموں و کشمیر کی تمام بہنوں کو ان کی پختہ وابستگی اور یونین ٹیریٹری اور ہمارے عظیم ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ان کی غیر متزلزل کوششوں پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ۔ مجھے یقین ہے کہ یہ موقع انہیں ملک کی ترقی کے سفر میں اہم شراکت دار کے طور پر آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا ۔ خواتین کی بااختیاری ترقی اور غربت کے خاتمے کا سب سے مضبوط محرک ہے ۔ آج ہماری خواتین معاشرے کو زیادہ منصفانہ اور مساویانہ ترتیب میں ڈالنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہیں ۔ یونین ٹیریٹری کی بے شمار ہونہار خواتین اپنے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور ہر ایک پرامن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر میں مدد کیلئے تیار ہے ۔ انٹر نیشنل وومنز ڈے ہمیں خواتین کے حقوق کے تحفظ ، انصاف کو یقینی بنانے ، ان کی سلامتی کی حفاظت اور ان کی بہبود کو فروغ دینے کیلئے اپنی لگن کی تجدید کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے ۔ آئیے ہم مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں خواتین کو برابر مواقع میسر ہوں ، وہ اپنی حقیقی صلاحیتوں کے ساتھ ترقی کریں اور پھلیں پھولیں ۔ میں اس خصوصی دن کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ۔ ‘‘










