بین الاقوامی برادری دہشت گردی کے خلاف متحد ہو

بات چیت،تجارت اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا ۔ وزیر دفاع

سرینگر//وی او آئی//بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع جناب رچرڈ مارلس سے کینبرا میں دو طرفہ ملاقات کے دوران کہا کہ “دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، دہشت گردی اور تجارت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، اور پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے”۔وائس آف انڈیا کے مطابق انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کارروائی کرے۔یہ ملاقات بھارت-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر ہوئی، جس میں دفاعی تعاون، فوجی مشقیں، سمندری سلامتی، دفاعی صنعت، اور سائنس و ٹیکنالوجی میں مشترکہ تحقیق جیسے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جناب سنگھ نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی روابط اور مشترکہ جمہوری اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی شراکت داری میں نمایاں وسعت آئی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر تین اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں آبدوز تلاش و بچاؤ، مشترکہ عملے کی سطح پر بات چیت، اور دفاعی اشتراک شامل ہیں۔آسٹریلیا کے وزیر اعظم جناب انتھونی البانیز نے بھی مختصر طور پر ملاقات میں شرکت کی اور جناب سنگھ کا پرتپاک استقبال کیا۔ جناب سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور البانیز کو مئی 2025 کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔جناب البانیز نے ہندوستان کی اقتصادی ترقی، دفاع، سائبر سیکورٹی اور آئی ٹی کے شعبوں میں پیش رفت کو سراہا، اور دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا جس میں باہمی اعتماد اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی گئی۔قبل ازیں، آسٹریلیا کے معاون وزیر دفاع جناب پیٹر خلیل نے جناب سنگھ کا اسٹیئر گارڈ کے ساتھ رسمی استقبال کیا۔ دورے کے دوران، فضا سے فضا میں ایندھن بھرنے کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا مظہر ہے۔