بھارت کو ڈرون مینوفیکچرنگ کے میدان میں مضبوط اور خود کفیل نظام قائم کرنا ہوگا

بیسرن پہلگام حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا

بھارت چھیڑتا نہیں ، کسی نے چھیڑا تو ہم چھوڑتے نہیں /راج ناتھ سنگھ

سرینگر//اے پی آئی// بیسرن پہلگام حملے میں ملوث افراد کو سزا دینے کا عندیہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن سندور ختم نہیںکیا گیا بلکہ اس سے معطل رکھا گیا ہے ،کبھی بھی پاکستان نے شرارت کی تو سخت جواب دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔ بھارت کسی کے ساتھ چھیڑتا نہیں اور اگر کوئی چھیڑے گا تو ہم چھوڑتے نہیں ہیں۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق بہار میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دراندازی کو روکنے اور اپنی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوںکیلئے استعمال کرنے کی کارروائیوں کووہ اب روک دیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت اب پرانا بھارت نہیں ہے ، بھارت کسی کے ساتھ چھیڑتا نہیں ہے ، اگر کسی نے چھیڑا تو بھارت چھوڑتا نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ بیسرن پہلگام حملے میں 26نہتے شہریوںپر گولیاں چلانا دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اور بھارت نے پاکستان میں گھس کر 9دہشت گردانہ ٹھکانوںکو نشانہ بنایا اور اگر پاکستان نے کبھی شرارت کی تو آپریشن سندور کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ مذہب کے نام پر شہریوںکو قتل کرنا کسی بھی مہذب قوم کی نشانی نہیں ہوا کرتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردوںکا کوئی بھی مذہب نہیں ہے اور ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ بیسرن پہلگام حملے میںملوث افراد کو ان کے منتقی انجام تک پہنچانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم کسی ملک کے خلاف جارحیت کے عزائم نہیںرکھتے ہیں تاہم ملک کی سالمیت ،خودمختاری کو کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو بھارت خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتا۔