بہترین کھلاڑیوں کی تقرری کا راستہ صاف

اِنتظامی کونسل نے علحٰیدہ’’ جموںوکشمیر سپورٹس کیڈر ‘‘ بنانے کی منظوری دی

سری نگر//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں اَمور نوجوان و کھیل کودمحکمہ کے اِنتظامی کنٹرول کے تحت ’’ جموںوکشمیر سپورٹس کیڈر‘‘کے قیام کی منظوری دی۔ اِس کے لئے 235 اَسامیاں معرضِ وجودمیں لائی جائے گی جن اَسامیوں کو بہترین کھلاڑیوں کی تقرری کے لئے اِستعمال کیا جائے گا جس میں 10گزیٹیڈ اَسامیاں بھی شامل ہیں۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈار ی نے شرکت کی۔اِس فیصلے سے بہترین کھلاڑیوں کی تقرری کا عمل شروع ہوجائے گا جو گزشتہ چند برسوں سے مختلف قانونی اور طریقہ کار کے مسائل میں اَلجھے ہوئے ہیں ۔نئے قوانین نوجوانوں کو کھیل سرگرمیوں کے لئے ترغیب دینے اور بہترین کارکردگی دِکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ اَفزائی کے لئے بنائے گئے ہیں۔مختلف کھیل زمروں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر جموںوکشمیر کے کھلاڑیوں کو تسلیم کرنا جموںوکشمیر یوٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کا ثبوت ہے۔حکومت اِن تقرریوں کو سالانہ معاملہ بنانے کی کوشش کرے گی تاکہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اِس کے علاوہ بہترین کھلاڑیوں کی تقرری نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے عمل کو بڑا فروغ ملے گا اور مقامی، قومی اور عالمی مقابلوں میں اِن کی شرکت میں اِضافہ ہوگا۔