بہار میں مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کا آغاز

پٹنہ/یو این آئی//وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بہار میں مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کا آغاز کیا اور 75 لاکھ خواتین کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست دس ہزار روپے منتقل کیے ، جس کی کل رقم 7,500 کروڑ روپے ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ہر کنبے کی ایک خاتون کو روزگار شروع کرنے کیلئے مالی امداد دی جائے گی جو دس ہزار روپے پر مشتمل ہے ، اور اگر ضرورت ہوئی تو روزگار شروع ہونے کے بعد 2 لاکھ روپے تک اضافی مدد بھی کی جائے گی۔ یہ اسکیم خواتین کو خود کفیل بنانے اور روز گار سے جوڑنے کیلئے شروع کی گئی ہے ۔ یہ اسکیم سبھی کیلئے ہے جس کے تحت ریاست کے ہر کنبے کی ایک خاتون کو مالی مدد فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی پسند کا روزگار شروع کر سکے ۔ یہ اسکیم کمیونٹی کے ذریعے چلائی جائے گی، جس میں مالی امداد کے علاوہ خود امدادی گروپس کے ذریعہ ان خواتین کی حوصلہ افزائی کی خاطر تربیت کا انتظام بھی ہو گا۔ اس اسکیم کے تحت خواتین کے ذریعہ تیار کردہ مصنوعات کی خرید و فروخت کو فروغ دینے کے لیے ریاست کے دیہی ہاٹ بازاروں کو پہلے سے بہتربنانے کا بھی منصوبہ ہے ۔