پٹنہ: بہار کے چمپارن ضلع کے بگہا میں ایک سرکاری اسکول میں پیر کے روز دوپہر کا کھانا (مڈ ڈے میل) کھانے سے 100 سے زیادہ بچے بیمار ہو گئے۔ سبھی کو آناً فاناً میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس معاملہ میں ضلع مجسٹریٹ نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔پولیس کے مطابق، بانس گاؤں پارسونی مڈل اسکول میں پیر کو مڈ ڈے میل کھانے کے بعد 100 سے زیادہ بچوں نے الٹی دست اور پیٹ درد کے ساتھ چکر آنے کی شکایت کی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی والدین اسکول پہنچ گئے اور بیمار بچوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔مغربی چمپارن کے ضلع تعلیمی افسر رجنی کانت نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انکشاف ہوا ہے کہ کھانے میں مٹی کا تیل (کیروسین) گر گیا تھا۔ پورے معاملہ کی تحقیقات کرائی جا رہی ہیں۔ بیشتر بچوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ وہیں ضلع مجسٹریٹ دنیش کمار رائے کا کہنا تھا کہ تمام بچے خطرے سے باہر ہیں۔










