سرحدی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ شدت پسندی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے بارے میں ہوگا تبادلہ خیال
سرینگر //بھارت اس ہفتے کے آخر میں سرحدی انتظام سے متعلق امور پر شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کی میٹنگ کے لیے فوجی اور سیکورٹی حکام پر مشتمل ایک پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا۔ توقع ہے کہ تمام رکن ممالک بشمول روس اور چین اس بحث میں شرکت کریں گے جو 15 جون کو شروع ہوگی اور 17 جون کو وفود کے رہنمائوں کی ملاقات میں اختتام پذیر ہوگی۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق بھارت نے حال ہی میں ایس سی او علاقائی انسداد شدت پسندی ڈھانچہ کے اجلاس کی بھی میزبانی کی تھی جس میں پاکستان نے بھی شرکت کی تھی۔ شدت پسندی کی تمام شکلوں اور مظاہر، انتہا پسندی اور بنیاد پرستی سے نمٹنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانا شنگھائی تعاون کونسل کے لیے ایک اہم ترجیحی علاقہ ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر 2021 کے دوشنبہ کے اعلامیہ کے مطابق، رکن ممالک سرحدی امور پر موثر تعاون جاری رکھیں گے جس میں مشترکہ سرحدی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ شدت پسندی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے بارے میں معلومات کا تبادلہ، اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی شدت پسندی کی تحقیقات کریں گے۔ ہندوستان اس وقت وسطی ایشیائی ممالک جیسے قازقستان، تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ تمام 4 ممالک نے گزشتہ سال نومبر میں افغانستان کی صورتحال پر این ایس اے اجیت ڈوول کی میزبانی میں دہلی سیکورٹی ڈائیلاگ میں حصہ لیا تھا۔










