نئی دہلی//کشمیر سے تعلق رکھنے والے 20 طلبأ کے ایک گروپ نے’بھارت درشن۔2026‘ پروگرام کے تحت جو وزارتِ داخلہ کی ایک پہل ہے ،نئی دہلی میں جموں و کشمیر ریذیڈنٹ کمشنرکے دفتر کا دورہ کیا۔یہ دورہ اُن کے تعلیمی سفر کا ایک اہم حصہ تھا جس کا مقصد قومی دارالحکومت کے طرزِ حکمرانی اور اِنتظامی نظام کی سمجھ کو وسیع کرنا تھا۔اس دورے کا اہتمام طلبہ کو یونین ٹیریٹری سے باہر سرکاری اداروں کے کام کرنے کے طریقہ کار سے روشناس کرنے اورحکومت جموں و کشمیر اور مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان تال میل کو آسان بنانے میں ریذیڈنٹ کمیشن کے کردار کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر انیل شرما کی نگرانی میں ایک اِستفساری سیشن منعقد کیا گیا۔ اُنہوں نے طلبأ سے خطاب کرتے ہوئے نئی دہلی میں ریذیڈنٹ کمیشن کے عہدے کے مقاصد، اہداف اور اہم ذِمہ داریوں کو اُجاگر کیا۔اِستفساری سیشن کے دوران طلبأ کو مرکزی وزارتوں اور قومی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کاری میں ریذیڈنٹ کمیشن کے اہم کردار، سرکاری دوروں میں سہولیت کاری اور یونین ٹیریٹری سے متعلق اِنتظامی امور کی انجام دہی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہیں دہلی میں جموں و کشمیرکی سرکاری جائیدادوں اوردہلی میں گیسٹ ہاؤسز کے اِنتظام، جموں و کشمیر سے آنے والے شہریوں اور اَفسران کو فراہم کی جانے والی سپورٹ سروسز اور یونین ٹیریٹری کے مفادات کے تحفظ میں ادارہ جاتی نمائندگی کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔یہ بات چیت معلوماتی اور دلچسپ رہی جس میں طلبأ نے بھرپور شرکت کی اور حکمرانی نظام اور قومی سطح کے اِنتظامی ڈھانچے کو سمجھنے میں گہری دلچسپی کا اِظہار کیا۔ریذیڈنٹ کمیشن نے نوجوانوں کی شمولیت سے متعلق اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاتاکہ حکمرانی، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کے بارے میںبیداری کو فروغ دیا جا سکے۔










