سرینگر // اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ حکومت جموںوکشمیر کی خوشحالی اور ترقی کیلئے وعدہ بند ہے۔ کے این ایس کے مطابق سیاحتی مقام دودھہ پتھری میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ پہلے خاندانی سیاست ہوتی تھی لیکن اب بھاجپا حکومت عام لوگوں تک پہنچ گئی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرمی سے کام کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آزادی کے وقت سے ہی جموںوکشمیر کا مستقبل تاریک دور سے گزرا ہے لیکن اب بھاجپا حکومت خطہ کے مستقبل کو تبدیل کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ مختار نقوی نے کہاکہ ’’باقی سیاستدان صرف چنائو کے دوران ہی لوگوں کے سامنے آتے ہیں تاہم بھاجپا ہمیشہ عوام کی خدمت کیلئے وقف ہے اور جموںوکشمیر کے مقامی لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہم عام لوگوں تک پہنچے ہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت سول سوسائٹی سے رائے طلب کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ’’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایسا کرنے سے جموںوکشمیر کے لوگوں کی ترقی اور امن کیلئے یہ بہترین طریقہ ہے‘‘۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ نریندر مودی کی برسراقتدار حکومت کا مشن وادی کے لوگوں کی خوشحالی ہے۔ حالیہ شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے مختار نقوی نے کہاکہ ’’یہ افسوسناک ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہاہے، جموںوکشمیر کے لوگ ترقی چاہتے ہیں نہ کہ دہشت گردی ‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ان ہلاکتوں میں ملوث افراد جموںوکشمیر میں ترقیاتی عمل میں روڑے اٹکارہے ہیں اور وہ کامیاب نہیں ہونگے۔ مختار نقوی نے کہا کہ اقلیتوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور جموںوکشمیر میںاقلیتوں کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور مرتکبین کو ان انسانیت سوز کارروائیوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔










