بگڑتی صورتحال کیلئے مرکزی سرکار ذمہ دار،لیفٹنٹ گورنراستعفیٰ دیں:پی ڈی پی کامطالبہ

سری نگر//کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری شہری ہلاکتوں کے سلسلے میں ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جمعہ کو لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی ترجمان سہیل بخاری نے کہا کہ وادی میں حالیہ شہریوں کی ہلاکت کے بعد لیفٹنٹ گورنر نے سابقہ ریاست میں اپنی ملازمت جاری رکھنے کا اخلاقی اختیار کھو دیا ہے۔سہیل بخاری نے کہاکہپچھلے 2 سالوں سے ، مرکزی وزارت داخلہ وادی میں سکیورٹی کی صورتحال کو براہ راست کنٹرول کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وادی میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی صورتحال کی ذمہ داری حکومت ہند اور اس کی انتظامیہ پرعائد ہوتی ہے۔ پی ڈی پی ترجمان نے کہا کہ آج کوئی کشمیری محفوظ محسوس نہیں کر رہا ہے۔ ہم لیفٹنٹ گورنر کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوںنے ساتھ ہی خبردارکیاکہ ہلاکتوںکے واقعات کشمیرکی روایتی مذہبی آہنگی اورآپسی بھائی چارے کونقصان پہنچانے کی سازش ہے ،اسلئے ہم سبھی لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آپسی بھائی چارے اورمذہبی رواداری کوہرصورت میں قائم ودائم رکھیں ۔اس دوران پی ڈی پی کارکنوں نے پارٹی ہیڈ کوارٹرسے سٹی سینٹر لال چوک کی طرف میچ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور انہیں اپنے پارٹی دفتر کے احاطے میں محدود کر دیا۔