dooran

بڈگام پولیس کی بڑی کارروائی، پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلرز کی جائیدادیں ضبط

سرینگر/ وی او آئی// دہشت گردوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائی کے تحت بڈگام پولیس نے پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلرز کی تین جائیدادیں ضبط کر لیں۔ یہ کارروائی متعلقہ ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی موجودگی میں خگ، چیوہ بیروہ اور ہروانی کھاگ میں انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق یہ قدم ایف آئی آر نمبر 58/2024 کے تحت درج مقدمے کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے، جس میں بھارتی اسلحہ ایکٹ کی دفعات 7/25 اور غیر قانونی سرگرمیوں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کی دفعات 18، 20 اور 23 شامل ہیں۔ مذکورہ جائیدادیں ان دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال ہو رہی تھیں، جس کے پیش نظر UAPA کی دفعہ 25 کے تحت ضبطی کی کارروائی شروع کی گئی۔ضبط کی گئی جائیدادیں ان افراد کی ملکیت ہیں، جو اس وقت سرحد پار پاکستان میں مقیم ہیں:،1. منظور احمد چوپان عرف رئیس ولد غلام محی الدین چوپان، ساکن ہروانی کھاگ، بڈگام،(دو منزلہ رہائشی مکان بمع احاطہ، واقع ہروانی کھاگ، بڈگام، خاصرہ نمبر 763)2. محمد یوسف ملک عرف مولوی ولد عبد الرحیم ملک، ساکن چیوہ بڈگام، (دو منزلہ مکان بمع 5 کنال 13 مرلہ زمین، واقع چیوہ بڈگام، خاصرہ نمبر 151)3. بلال احمد وانی عرف عمر،ولد غلام احمد وانی، ساکن ناگبال خگ، (19.5 مرلہ زمین واقع خگ، خاصرہ نمبر 1093 اور 1094)پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد گزشتہ کئی برسوں سے وادی میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور ان کے لیے سہولت کاری میں ملوث رہے ہیں۔ ان کی جائیدادوں کی ضبطی دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرحد پار حمایتی نیٹ ورکس کے مالی، افرادی اور عملی ڈھانچے کو توڑنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔بڈگام پولیس نے کہا ہے کہ اس قسم کے اقدامات ان عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں، کہ قانون کے دائرے میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا اور کسی کو بھی علاقے کے امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔