fake curency

بڈگام میں جعلی کرنسی نوٹ بنانے والے گروہ کا پردہ فاش

بڈگام//جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں ایک جعلی کرنسی ریکٹ کا پردہ فاش کرکے تین افراد کو جعلی کرنسی نوٹوں سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک پولیس ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ بڈگام کے ناربل علاقے میں پولیس کی ایک ناکہ پارٹی نے ایک گاڑی کو روکا جس کو توفیق حسین خواجہ ساکن بالی ہیرن پٹن بارہمولہ نامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔پولیس بیان کے مطابق تلاشی کے دوران گاڑی سے45 ہزار روپے کے جعلی نوٹ بر آمد کئے گئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ تفتیش کے دوران مذکورہ ڈرائیور نے اقرار کیا کہ وہ اپنے گھر واقع بالی ہیرن پٹن میں جعلی نوٹ پرنٹ کرتا ہے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ ڈرائیور کے انکشاف پر ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران100 روپے کے جعلی کرنسی نوٹ، بانڈ پیپر کے 2 ریم ،2پرنٹرس، ایک پیپر کٹر و دیگر متعلقہ سامان بر آمد کیا گیا۔انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدہ ڈرائیور نے اپنے2اور ساتھیوں فاروق احمد گنائی اور عبدالحمید ساکنان پٹن کے نام بھی ظاہر کئے جو بازار میں ان جعلی نوٹوں کو سرکولیٹ یا تقسیم کیا کرتے تھے۔بیان کے مطابق تینوں ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کو پولیس چوکی ناربل میں بند رکھا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ماگام میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔