’’بٹ کوائن ‘‘ کے ذریعے شہری کشمیر میں ملی ٹنسی فنڈنگ میں ملوث پایا گیا

ملزم کی شناخت اور گرفتاری کا باعث بننے والی کسی بھی معلومات کو مناسب انعام دیا جائے گا / ایس آئی اے ترجمان

سرینگر // سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی ( ایس آئی اے ) نے انکشاف کیا ہے کہ جموں کشمیر میں ملی ٹنسی فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ’’بٹ کوائن ‘‘ کے ذریعے ایک شخص اس میںملوث ہو گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی ( ایس آئی اے ) کا کہنا ہے کہ ایک ایسے شہری کا پتہ چلا ہے جو جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر تشدد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ہوا دینے کیلئے ’’بٹ کوائن ‘‘کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کو فنڈ فراہم کرنے میں ملوث ہے۔انہوں نے خطے میں دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے شخص کی شناخت کیلئے مقامی پولیس کی درخواست جاری کی ہے۔ایس آئی اے کے ایک افسر نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ایجنسی نے بڑے پیمانے پر تشدد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ہوا دینے کیلئے Bitcoin کی تجارت کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کے راستے میں پیسے اور فنڈس بھیجنے میں ایک شخص کے ملوث ہونے کا پتہ چلا۔انہوں نے کہا کہ سال 2022میں وادی کشمیر میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے معاملے میں ایس آئی اے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اہلکار نے بتایا کہ اسی کے مطابق ایس آئی اے نے ایک عوامی نوٹس جاری کیا ہے جس میں ایک ایسے ملزم کی شناخت میں عوامی مدد طلب کی گئی ہے جس کی تصویر سامنے آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی معلومات فراہم کریں جس سے ملزم کی شناخت میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا ’’فراہم کردہ تمام معلومات ملزم کی شناخت میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ فراہم کردہ تمام معلومات کو خفیہ رکھا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کا باعث بننے والی کسی بھی معلومات کو مناسب انعام دیا جائیگا۔