ڈھاکہ /یو این آئی// طارق رحمن کی قیادت میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور 13ویں قومی اسمبلی میں 300 میں سے 212 نشستیں جیتیں۔اس نتیجے کو جنوبی ایشیائی ملک میں سیاسی استحکام کی بحالی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔جمعرات کو منعقدہ الیکشن بنگلہ دیش کا 2024 کے طلبہ کی قیادت میں بغاوت کے بعد پہلا قومی انتخاب تھا جس نے طویل عرصے سے برقرار وزیراعظم شیخ حسینہ کا تختہ الٹ دیا تھا۔ بنگلہ دیش حکومت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، بی این پی نے 212 نشستیں حاصل کی ہیں، جماعت اسلامی اور اس کے اتحادیوں نے 77 نشستیں حاصل کی ہیں، اور 300 رکنی پارلیمنٹ میں آزاد امیدواروں کے پاس 8 نشستیں ہیں۔ کسی جماعت یا اتحاد کو 300 رکنی قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے 151 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ گزشتہ رات ووٹوں کی گنتی میں اکثریت حاصل کرنے کے فوراً بعد، بی این پی نے عوام کا شکریہ ادا کیا ۔سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹنے میں اہم کردار ادا کرنے والی نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) 30 میں سے صرف 5 نشستوں پر کامیاب ہوسکی۔پارٹی نے لوگوں سے مساجد، مندروں، گرجا گھروں اور پگوڈا میں عبادت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ پارٹی کی قیادت وزارت عظمیٰ کے امیدوار طارق رحمن کر رہے ہیں۔
، جو سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء اور سابق صدر ضیاء الرحمن کے 60سالہ بیٹے ہیں۔طارق رحمان نے بوگرا کی نشست جیت لی۔ طارق رحمان نے 216284 ووٹ حاصل کئے۔ جماعت اسلامی کے عابد الرحمان 97626ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ اپنی مہم کے دوران، بی این پی نے کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مالی مدد، وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے والے افراد کے لیے 10 سال کی حد، معیشت کو فروغ دینے کے اقدامات، بشمول غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے ، اور مضبوط انسداد بدعنوانی پالیسیوں کا وعدہ کیا۔










