ڈھاکہ/یو این آئی// بنگلہ دیش میں ایک افسوسناک حادثہ میں کم از کم 24 افراد جاں بحق ہوگئے جب مسافر بس دریا میں جا گری۔ میڈیا کے مطابق حادثہ دریائے پدما میں اس وقت پیش آیا جب تقریباً 40 مسافروں کو لے جانے والی بس Daulatdia کے مقام پر فیری کے قریب پہنچتے ہوئے بے قابو ہو گئی اور دریا میں گرگئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ غوطہ خوروں نے ڈوبی ہوئی بس کے اندر سے 22 نعشیں نکال لی ہیںجن میں 6 مرد، 11 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔ فائر سروس کے اہلکار نے بتایا کہ دو خواتین کو زندہ نکالا گیا تھا مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے ۔ ریسکیو آپریشن میں فائر سروس کے چار یونٹس اور 10 غوطہ خور وں نے حصہ لیا جبکہ فوج، پولیس، کوسٹ گارڈ اور مقامی انتظامیہ بھی امدادی کارروائیوں میں شامل تھے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ مزید مسافر لاپتہ ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ہر سال سڑک اور فیری حادثات میں سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ان حادثات پر قابو پانے کیلئے حکومت کی کوششیں اکثر ناکافی ہوتی ہیں۔










