بنگلور کی ممبئی پر 8وکٹ سے شاندار جیت، وراٹ اور ڈوپلیس کی بہترین بلے بازی

رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے وراٹ کوہلی (82 ناٹ آؤٹ) اور فاف ڈو پلیسس (73) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اتوار کو ممبئی انڈینس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے ٹورنامنٹ کی شاندار شروعات کی۔
ممبئی نے نوجوان کھلاڑی تلک ورما (84ناٹ آؤٹ) کی جارحانہ نصف سنچری کی مدد سے 171رنز بنائے، لیکن کوہلی ڈو پلیسس کے درمیان 148رنز کی شراکت نے آر سی بی کو 16.2اوور میں ہی جیت دلا دی۔ جب تلک بلے بازی کے لیے آئے تو ممبئی نے 20 رنز پر تین وکٹ گنوا دیے تھے۔ انہوں نے 46 گیندوں پر نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا، جبکہ ممبئی کے دیگر بلے باز 75 گیندوں پر صرف 76 رنز ہی بنا سکے۔ ممبئی کے مقابلے میں آر سی بی کے بلے بازوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ چار سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ چنا سوامی اسٹیڈیم میں واپسی کرتے ہوئے، کوہلی نے 49گیندوں پر چھ چوکے اور پانچ چھکے مار کر ناٹ آوٹ 82رنز بنائے۔ کپتان ڈو پلیسس 43گیندوں (پانچ چوکے، چھ چھکے) پر 73رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، لیکن کوہلی نے 17ویں اوور کی دوسری گیند پر فاتح چھکا لگا کر آر سی بی کو جیت سے ہمکنار کیا۔
آر سی بی نے ٹاس جیت کر ممبئی کو بلے بازی کی دعوت دی اور پاور پلے میں ان کے گیند بازوں نے حریف ٹیم پر غلبہ حاصل کیا۔ محمد سراج نے ایشان کشن کو 10 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ ریس ٹوپلے نے کیمرون گرین کو صرف پانچ رنز پر پویلین بھیج دیا۔کپتان روہت شرما سخت جدوجہد کرتےنظرآئے اور آکاش دیپ کا شکار ہونے سے پہلے 10 گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔ تلک نے آکاش کی گیندپر چھکا لگا کر اننگز کی رفتار کو تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن مائیکل بریسویل نے سوریہ کمار یادو (15) کو آؤٹ کرکے آر سی بی کو چوتھی کامیابی دلائی۔ممبئی کے اپر آرڈر کی ناکامی کے بعد تلک کو کچھ عرصے کے لیے نہال ودھیرا کی حمایت حاصل ہوئی۔ نہال نے اپنا آئی پی ایل ڈیبیو کھیلتے ہوئے تلک کے ساتھ 50 رنز کی اہم شراکت داری کی، جس نے 13 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ نہال نے کرن شرما کی گیندوں پر دو چھکے لگا کر اننگز کی رفتار میں اضافہ کیا تھا کہ کرن نے انہیں اور ٹم ڈیوڈ (چار) کو آؤٹ کرکے ممبئی کو دو بڑے جھٹکے دیے۔ممبئی 16 اوورز میں صرف 111 رنز ہی بنا سکی، جس کے بعد تلک نے آر سی بی کے گیند بازوں پر اپنا دباؤ بنانا شروع کیا۔ انہوں نے 17ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر 32گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اگلی 14گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ ہرشل پٹیل نے 17ویں اوور میں ریتک کی وکٹ حاصل کی لیکن ان کی جگہ بلے بازی کے لیے آئے ارشد خان نے نو گیندوں پر 15رنز بنائے۔ تلک اور ارشد نے 17 گیندوں پر 48رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ممبئی کو 171/7 کے مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔آر سی بی کے لیے سراج، ٹوپلی، آکاش، ہرشل پٹیل اور بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ کرن نے دو کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔آر سی بی کی جانب سے بلے بازی کے لیے آئےکوہلی اور ڈو پلیسس نے پاور پلے کا فائدہ اٹھایا اور تیزی سے رن جوڑے۔ کوہلی نے دوسرے اوور میں ارشد خان کی گیند پر چوکا لگا کر جارحانہ آغاز کیا جبکہ ڈو پلیسس نے ‘آر سی بی، آر سی بی’ کے نعروں کے درمیان تیسرے اوور میں جیسن بیرنڈورف کی گیند پر چوکا اور دو چھکے لگائے۔
کوہلی کو بھی 17 رنز کے اسکور پر زندگی ملی جب جوفرا آرچر اپنی ہی گیند کو کیچ نہ کر سکے۔ اس کے بعد کوہلی نے آرچر کو ایک چھکا اور دو چوکے لگائے اور پاور پلے میں آر سی بی کو 53 تک لے گئے۔