جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پلوان اکھنور میں ایک پارک کا افتتاح کیا جو محکمہ فلوری کلچر کے ذریعہ 18 کنال اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ کمشنر سیکرٹری فلوریکلچرپارکس اینڈ گارڈن شیخ فیاض ، ڈائریکٹر فلوریکلچر جتیندر سنگھ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ، ایگزیکٹیو انجینئران ، پی آر آئی ممبران اور مقامی افراد اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ کام 2012-13 میں 18 کنال اراضی پر 152.50لاکھ روپے کی لاگت کے تخمینے سے شروع کیا گیا تھا ۔ اس پارک میں مختلف خصوصیات ہیں جیسے راؤنڈ واٹر باڈی ، واک وے ، گارڈن پنچز ، الیومینیشن سسٹم ایل ای ڈی لائیٹس ، سپرنکلر اری گیشن سسٹم ، ڈسٹ بین ، الیکٹرک ٹرانسفارمر وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پارک کے احاطے میں موجود مندر کے شیڈ کو خوبصورت بنائیں ۔ انہوں نے پارک کی حدود میں سائے کیلئے درخت لگانے کی ہدایت بھی جاری کی ۔ اس دوران انہوں نے مقامی لوگوں کے پی آر آئی سے بھی بات چیت کی اور اُن کی شکایات سُنیں ۔ پی آر آئیز نے عوامی اہمیت کے مختلف معاملات اٹھائے ۔ مشیر نے اس موقعہ پر موجود مقامی نمائندوں اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات پر غور کیا جائے گا اور ہر ایک پر کاروائی کی جائے گی ۔ کمشنر سیکرٹری نے مشیر کو بتایا کہ محکمہ فلوریکلچر کے ذریعے انجام دئیے جانے والے تمام جاری کاموں کو چار ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ مشیر نے افسران کو کام کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور ایسی نوعیت کے پارکوں کو مجموعی طور پر خوبصورتی پر زور دیا ۔ مشیر نے فلوریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ مشیر نے عوام الناس پر بھی زور دیا کہ وہ پارک کی صفائی کو برقرار رکھیں اور ڈسٹ بینس کا استعمال کریں ۔










