سری نگر / /لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے محکمہ سیاحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سیاحوں کیلئے سہولیات میں بہتری لائیں اور جموں و کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جائیدادوں سے بہتر آمدنی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ یہ ہدایات محکمہ سیاحت کے اثاثوں کی آؤٹ سورسنگ کے سلسلے میں یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران دیں ۔ میٹنگ میں سیکرٹری سیاحت ، سیکرٹری قانون ، انصاف اور پارلیمانی امور ، چیف ایگزیکٹو آفیسر جموں و کشمیر اقتصادی تعمیر نو ایجنسی ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں اور ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر شامل تھے۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف مقامات پر سہولیات کو بہتر بنائیں تا کہ سیاح جموں و کشمیر میں جدید ترین سہولیات اور بہتر کھانوں سے لطف اندوز ہوں ۔ مشیر کو جے کے ٹی ڈی سی کے اثاثوں ، اس کے محصولاتی اڈے اور سیکرٹری سیاحت کے ذریعہ سیاحوں کیلئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی اکاؤنٹ دیا گیا ۔ مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان اثاثوں کو زیادہ پیداواری اور پُر کشش بنائیں جو سیاحت کے شعبے کو پنپنے کیلئے ان اثاثوں کو عوامی طور پر نجی شراکت کے موڈ کے ذریعہ فائدہ مند طریقے سے استعمال کرنے یا اس کے فزیبلٹی کے مناسب جائیزہ لینے کے بعد آؤٹ سورسنگ کے ذریعے بہتر استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تمام مطلوبہ سہولیات اعلیٰ درجے کی حالت میں ہونی چاہئیں ان تمام سہولیات پر مزید غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے جموں اور کشمیر کے دونوں ڈائریکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کے بہتر استعمال کیلئے مناسب منصوبہ بنائیں ۔










