کٹھوعہ//سالانہ بسوہلی اُتسو کا آغاز آج ایک شاندار جشن کے ساتھ ہوا جس میں خطے کے متحرک ثقافتی ورثے کی نمائش کی گئی ۔ اِفتتاحی دِن میں رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں کا مظاہرہ کیا گیا جس سے سامعین مسحور اور محظوظ ہوئے اور میلے کو بارونق بنا دیا۔پرنسپل سیکرٹری کلچر سریش کما ر گپتا نے چیئر میں ڈی ڈی سی کٹھوعہ کرنل (ریٹائرڈ ) مہان سنگھ اور ڈائریکٹر اے سی بی شکتی پاٹھک کے ساتھ تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

سریش کمار گپتانے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ’’بسوہلی اُتسو ‘‘بسوہلی کی تاریخی عظمت کو بالخصوص آرٹ اور ورثے میں اس کی بھرپور روایات بحال کرنے کے لئے وقف کوشش کی نمائندگی کرتا ہے جو کبھی اس خطے کے ثقافتی مرکز کے طور پر کام کرتا تھا۔پرنسپل سیکرٹری نے مقامی کمیونٹی بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں فعال رول ادا کریں۔ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کا استعمال کرتے ہوئے بسوہلی رام لیلا کی منفردروایات، اس کی عالمی شہرت یافتہ مصوری اور بہترین پشمینہ کا اشتراک کریں۔اُنہوں نے ثقافتی تحفظ کی جاری کوششوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی بسوہلی ٹکسال کی بحالی کا کام آنے والے مہینوں میں مکمل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے بسوہلی مصوری اور پشمینہ کے لئے جیوگرافیکل اِنڈکشن ( جی آئی ) ٹیگنگ کی اہمیت کا بھی ذِکر کیا جو مقامی کاریگروں اور فنکاروںکے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

چیئرمین ڈی ڈی سی کٹھوعہ نے بسوہلی کے آرٹ، ثقافت اور ورثے کو عالمی سطح پر لانے کے لئے مختلف شراکت داروں کو متحد کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر ’’بسولی اُتسو ‘‘کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سپورٹس اکیڈیمی کے قیام اور 3.5 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے کامن فیسلٹی سینٹر (سی ایف سی) پروجیکٹ سے خطے کی ایڈونچر ٹورازم اور کلچرل پروفائل کو نمایاں فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس سالانہ تقریب میں اشتراک کرنے پر محکمہ ثقافت، اکیڈیمی آف آرٹ اینڈ کلچر، ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈلوم اور سیاحت کے محکموں کی کوششوںکو سراہا۔ ڈائریکٹر اے سی بی نے بھی ’’بسوہلی اتسو‘‘ کی ستائش کی اور خطے کی ثقافتی اور وراثت کے تحفظ میں اس کی اہمیت کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بسوہلی کی 113 سالہ پرانی رام لیلا جو ملک کی سب سے قدیم میں سے ایک ہے، اپنی روایات اور ورثے کے لئے کمیونٹی کی گہری محبت کا ثبوت ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری محکمہ ثقافت دیپیکا شرما، سیکرٹری کلچرل اکیڈیمی ہرویندر کور،ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس، ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ آرکیالوجی کے کے سدھا، جوائنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم، سی ای او بی بی ڈی اے اجیت سنگھ، ڈائریکٹر آئی جی این سی اے شروتی اوستھی بھی موجود تھیں۔










