poer water

بجلی اور پانی کی سپلائی میں با ر بار خلل

اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر کا اظہار تشویش

سری نگر//اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے رمضان المبارک کے اس مقدس ماہ میں بجلی سپلائی میں بار بار کے خلل پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالخصوص سحری اور افطار کے اوقات پر بجلی سپلائی میں خلل سے لوگوں کو بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق اْنہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس مقدس ماہ میں بھی لوگوں کو بجلی جیسی ضروری سروس فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہورہی ہے۔ جبکہ متعلقہ انتظامیہ یہ بتانے سے بھی قاصر نظر آرہی ہے کہ آخر وادی کے ہر علاقے میں بار بار بجلی سپلائی کیوں متاثر ہورہی ہے۔ غیر متواتر بجلی سپلائی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ افطاری اور سحری کے اوقات میں وادی کے بیشتر علاقے گھپ اندھرے میں ڈوبے ہوئے نظر آتے ہیں، جسکی وجہ سے روزہ داروں کو ان گنت مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ بات سب کو پتہ ہے کہ اس مقدس ماہ میں عوام کی غالب اکثریت مذہبی عبادات میں مشغول رہتی ہے اور اس لحاظ سے یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ اْنہیں بجلی سپلائی سمیت تمام ضروری سروسز بہم پہنچائی جائیں۔ لیکن بجلی کے حوالے سے صورت حال یہ ہے کہ بعض علاقوں میں ہر گھنٹے یا دو گھنٹے کے بعد یکسر پاور سپلائی معطل کردی جاتی ہے۔ یہ صورتحال متعلقہ حکام کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی عکاسی کرتی ہے۔ لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ کو اس ضمن میں مداخلت کرتے ہوئے یہ بات یقینی بنانی چاہیئے کہ اس مقدس ماہ میں لوگوں کو بجلی سپلائی جیسی اہم ضرورت سے محروم نہ رکھا جائے۔ ماہ مقدس میں خاص طور سے مغرب سے لیکر فجر تک بجلی سپلائی معطل رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا ہے۔ اس لئے متعلقہ حکام کو وادی بھر میں متواتر بجلی سپلائی کیلئے ہر ضروری اقدام کرنا چاہیے اور اس حوالے سے پوری وادی میں صارفین کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کرنا چاہیے۔