بالائی علاقوں میںبرف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان

وادی میں زمستانی ہوائوں کا دور شروع، جھیل اور آبی ذخائر کے حصے منجمند،درجہ حرارت نقطہ نجماد سے نیچے

سرینگر/ یو این ایس // جموں و کشمیر اور لداخ میں شدید سردی کی لہر بدستور جاری ہے اور وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ (ویسٹرن ڈسٹربنس) جمعہ کی سہ پہر سے جموں و کشمیر کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں گلمرگ، پہلگام، سونمرگ اور دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش یا ہلکی برف باری کا امکان ہے۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیش گوئی کی ہے کہ 16 جنوری سے وادی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری ہو سکتی ہے، جبکہ 23 اور 24 جنوری کے دوران چناب ویلی، ادھم پور، ریاسی اضلاع اور جنوبی کشمیر کے بعض حصوں میں معتدل سے شدید بارش اور برف باری متوقع ہے۔وادی اس وقت چلہ کلان کے سخت ترین سرد موسم میں ہے، جو 21 دسمبر سے شروع ہو کر 30 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران رات کے درجہ حرارت اکثر صفر سے کئی درجے نیچے گر جاتے ہیں اور برف باری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔یو این ایس کے مطابق وادی کشمیر میں پلوامہ سب سے سرد مقام رہا جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شوپیان میں پارہ منفی 3.9 ڈگری تک گر گیا۔ سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا، جبکہ سرینگر ہوائی اڈے پر یہ منفی 2.8 ڈگری سیلسیس رہا۔یو این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت منفی 2.6 ڈگری، جبکہ شمالی کشمیر کے مشہور اسکی ریزورٹ گلمرگ میں منفی 2.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اننت ناگ اور اونتی پورہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری رہا۔ کپواڑہ میں منفی 1.4 ڈگری، بانڈی پورہ میں منفی 0.7 ڈگری جبکہ بارہمولہ اور گاندربل میں درجہ حرارت بالترتیب 0.4 اور 0.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ جموں خطے میں درجہ حرارت صفر سے اوپر رہا۔ جموں شہر میں کم از کم درجہ حرارت 4.7 ڈگری، بانیہال میں 2.9، بھدرواہ میں 2.0، ادھم پور میں 3.0 اور کٹھوعہ میں 3.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔لداخ میں شدید سردی کا سلسلہ مزید سخت رہا، جہاں لہہ میں درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری جبکہ ہانلے میں منفی 11.2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ کرگل میں منفی 8.3 اور نوبرا ویلی میں منفی 7.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ادھر وادی اس وقت چلہ کلان کے سخت ترین سرد موسم کے دور سے گزر رہی ہے، جو 21 دسمبر سے شروع ہو کر 30 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران شدید سردی اور برف باری کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔عوام اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں، سردی کے پیش نظر گرم لباس پہنیں، اور موسم کی تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔