result

بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان 30اپریل تک متوقع

امتحانی پرچوں کی جانچ 14 اپریل کو مکمل ، نتائج کمپیوٹنگ عمل کیلئے بھیج دیا گیا / بورڈ ذرائع

سرینگر // ایک اہم اور تازہ پیش رفت میں جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے 30اپریل تک بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتایج کا اعلان کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد دسویں جماعت کے امتحانی نتائج ظاہر ہونگے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کے اعلان کیلئے تیاریوں میں مصروف عمل ہے اور ممکنہ طو پر 30اپریل تک بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتایج کا اعلان کیا جائے گا ۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ وزیر تعلیم نے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کیلئے اپریل کے آخر تک 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔لیکن بورڈ سے موصول ہونے والی تازہ ترین صورتحال کے مطابق بورڈ حکام نے 12ویں جماعت کے نتائج کو ترجیح دی ہے اور 95 فیصد امکانات ہیں کہ نتیجہ 30 اپریل تک اعلان کر دیا جائے گا۔ اگر معاملات ٹھیک رہے تو نتائج کا دو دن پہلے اعلان کر دیا جائے گا ۔ عہدیدار نے کہا کہ 12ویں جماعت کے نتائج کو ترجیح دی گئی ہے کیونکہ باہر جانے والے طلباء کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ لینا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ دسویں جماعت کے نتائج کے اعلان کا عمل ساتھ ساتھ جاری ہے۔ 10ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 12ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کے فوراً بعد کیا جائے گا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق 12ویں جماعت کے امتحان کے سوالیہ پرچوں کی جانچ 14 اپریل 2025 کو مکمل ہوئی تھی جس کے بعد نتیجہ کمپیوٹنگ کے عمل کے لیے بھیج دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا ’’ دسویں جماعت کے طلباء کے سوالیہ پرچوں کی جانچ اتوار تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ دسویں جماعت کے طلباء کیلئے مکمل کی گئی جانچ کا حصہ بھی کمپیوٹنگ ایجنسی کو بھیج دیا گیا ہے۔ یہ عمل ایک ساتھ جاری ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ نتائج کا اعلان وقت پر کیا جائے۔ ‘‘ عہدیدار نے مزید کہا کہ جے کے بی او ایس ای سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گیارہویں جماعت کے سوالیہ پرچوں کی 75 فیصد جانچ بھی مکمل ہو چکی ہے۔لیکن 11ویں جماعت کے نتائج کا اعلان 12ویں اور 10ویں کے بعد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی میٹنگ بلائی اور نتائج کے اعلان کیلئے ایک آخری تاریخ مقرر کی۔