انتظامیہ کا اقدام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے، مزید قانونی کارروائی متوقع
سرینگر//وی او آئی//ضلع انتظامیہ بارہمولہ نے نوسہرا کے گانٹمولہ علاقے میں قائم ایک غیر قانونی میکڈم پلانٹ کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی مقامی لوگوں کی جانب سے مسلسل شکایات کے بعد کی گئی، جنہوں نے پلانٹ سے اٹھنے والے شدید دھوئیں اور صحت کے خطرات پر احتجاج کیا تھا۔ حکام کے مطابق یہ پلانٹ بارہمولہ اْڑی قومی شاہراہ کے کنارے قائم تھا اور بغیر لازمی منظوریوں کے چل رہا تھا، جس سے ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی ہو رہی تھی۔ پلانٹ سے اٹھنے والا گاڑھا دھواں مقامی آبادی کی روزمرہ زندگی کو متاثر کر رہا تھا۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے اور اس کے بعد مزید قانونی کارروائی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم کسی ایسی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے جو انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالے یا ماحول کو نقصان پہنچائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔” مقامی لوگوں نے بتایا کہ پلانٹ نوسہرا، پیرنیا، گنتمولہ، پہلپورہ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا تھا۔ دھوئیں کے بادل دور سے بھی نظر آتے تھے، جس نے عوامی احتجاج اور بار بار شکایات کو جنم دیا۔ انتظامیہ نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ غیر قانونی آپریشن کے ذمہ داروں کو جوابدہ بنایا جا سکے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ پلانٹ بغیر قانونی کلیئرنس کے دوبارہ شروع نہ ہو۔ یہ کارروائی علاقے میں ماحولیاتی تحفظ اور عوامی صحت کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔










