ابتدائی کارروائی میں 3افرادد گرفتار۔تحقیقات جاری: پولیس
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے پیر کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میںجعلی سم کارڈ ریکیٹ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے3افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پولیس بارہمولہ نے ایک جعلی سم کارڈ ریکیٹ کا پردہ فاش کیا جو سم کارڈ کے اجراء کے لیے جعلی دستاویزات کا انتظام کرنے کے بعد جعلی سم کارڈ جاری کر رہا تھا۔پولیس نے بتایاتینوں ملزمان جن میں اویس فاروق وازہ ولد فاروق احمد وازہ ساکن محلہ جامعہ بارہمولہ، سہیل عزیز میر ولد اب عزیز ساکن سہیل کالونی بارہمولہ اور جاوید احمد کنجوال ولد عبد ل احد ساکن جلال صاحب بارہمولہ کو فوری طور پر مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان کے قبضے سے کچھ مجرمانہ مواد جس میں موبائل فون کے ساتھ سم کارڈ، الیکٹرانک گیجٹس اور دستاویزات بھی شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے (پی) ایکٹ اور آئی پی سی کی دفعات کے تحت ان کے خلاف پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں مقدمہ درج ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔










