بارہمولہ سے نارہ بل تک 4لینوں والی قومی شاہراہ کی تعمیر اورکشادگی کامعاملہ پھر اُجاگر

بارہمولہ سے نارہ بل تک 4لینوں والی قومی شاہراہ کی تعمیر اورکشادگی کامعاملہ پھر اُجاگر

مختلف محکموںکے افسروں ،BROاورتعمیراتی ایجنسی کے نمائندوں پر مشتمل6رُکنی کمیٹی تشکیل

سری نگر// بارہمولہ سے نارہ بل تک 4لینوں والی قومی شاہراہ کی تعمیر اورکشادگی کیلئے درکار اراضی کے حصول،شاہراہ پرموجود ڈھانچوں ،درختوں وفصلوں کاتخمینہ لگانے کیلئے ضلع انتظامیہ بارہمولہ نے حکام پرمشتمل 6رُکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ،جس کوتشخیصی رپورٹ 20 فروری2022 تک ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کے دفتر کوپیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کی جانب سے 10فروری2022کوایک آرڈر زیرنمبر 01آف 2022 جاری کیاگیاہے ۔ا س آرڈرمیں آفیسر کمانڈنگ53آرسی سی کی جانب سے6 فروری2022کوبھیجے گئے ایک خط زیرنمبر8333/86/E8 کاحوالہ دیتے ہوئے لکھاگیاہے کہ بارہمولہ سے نارہ بل تک 4لینوں والی قومی شاہراہ کی تعمیر اورکشادگی کیلئے درکار اراضی کے حصول،شاہراہ پرموجود ڈھانچوں ،درختوں وفصلوں کاتخمینہ لگانے کیلئے افسروں وحکام پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ،جو اپنی تشخیصی رپورٹ20فروری2022تک ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کے دفتر کوپیش کرے گی ۔6رُکنی کمیٹی میں پٹن وسنگھ پورہ کے تحصیلدار ،چیف ایگری کلچر افسربارہمولہ ،چیف ہارٹی کلچر افسر بارہمولہ،ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آراینڈبی )بارہمولہ ،بارڈرروڑس آرگنائزیشن کا نمائندہ اورM /S Highway Consultant کا نمائندہ شامل ہوگا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قاضی گنڈ سے بارہمولہ تک قومی شاہراہ کوفورلین بنانے اوراسکی کشادگی کاکام تقریباً2دہائیاں قبل ہاتھ میں لیاگیاتھا،اورمختلف تعمیراتی ایجنسیوں کواس اہم شاہراہ کوفورلین بنانے اوراسکی کشادگی کاکام الاٹ کیاگیا۔سال2002کے بعدمذکورہ قومی شاہراہ کوفورلین بنانے اوراسکی درکار کشادگی کے کام میں سرعت لائی گئی ۔قاضی گنڈ سے سری نگرتک قومی شاہراہ کوفور لین بنانے کاکام مرحلہ وار بنیادوں پر مکمل کیاگیا،تاہم نارہ بل سے آگے بارہمولہ اوراوڑی تک جانے والی قومی شاہراہ کو فورلین بنانے اوراسکی کشادگی کاکا م شروع کرنے میں تاخیر ہوئی ۔دوسال قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے بھی متعلقہ افسروں پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی ،جس کوسنگرامہ میں ایک فلائی اوئور کی تعمیر کیلئے زمین کے حصول کیساتھ ساتھ قومی شاہراہ کی زدمیں آنے والی اراضی ،ڈھانچوں ،درختوں وفصلوںکاتخمینہ لگانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن مذکورہ کمیٹی نے کیا کچھ ذمہ دار نبھائی ،اسکا آج تک کوئی خلاصہ نہیں ہوا۔حکام نے بتایاکہ نارہ بل سے بارہمولہ تک قومی شاہراہ کوفور لین بنانے اوراسکی کشادگی کیلئے پٹن اور دلنہ بارہمولہ کے نزدیک Diversionدینے کامعاملہ بھی زیرغورہے جبکہ سنگرامہ سمیت کچھ ایک مقامات پر فلائی اوئورکی تعمیر لازمی تصور کی گئی ہے ۔