’بابر اعظم کے بغیر یہ پرومو مذاق ہے‘آئی سی سی کی ورلڈ کپ ویڈیو پر شائقین برہم

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے آفیشل پروموشنل ویڈیو جاری کر دی ہے۔ آئی سی سی نے اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ورلڈ کپ 2023کے آفیشل پرومو کی ویڈیو جاری کی۔ 2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو کے کیپشن میں آئی سی سی نے لکھا کہ ’آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں تاریخ لکھی جائے گی اور خواب سچ ہوں گے۔‘ویڈیو میں ماضی میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی جھلکیوں کو دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے میچز 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک جاری رہیں گے، پہلا میچ 2019 کی ورلڈ کپ فائنلسٹ ٹیموں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو بھارت کے سب سے بڑے احمد آباد اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پروموشنل ویڈیو کے پس منظر میں بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی آواز شامل کی گئی ہے۔ پرومو میں دکھائی جانے والی جھلکیوں میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر 2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے ایسے مناظر کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جو ان کی ناکامی اور مایوسی سے عبارت ہیں اور ایک خاص انداز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو دکھانے پر آئی سی سی کو کرکٹ فینز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ شائقین نے نشاندہی کی کہ پرومو میں پاکستانی کھلاڑیوں میں شاداب خان کی گیند پر بھارتی بلے باز کا چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا، وہاب ریاض کا شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992 میں انضمام الحق کا رن آؤٹ دکھایا گیا ہے۔
کئی شائقین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ویڈیو کے ایک سین میں پاکستانی فین مایوس بیٹھا ہوا ہے اور بھارتی فین اس کا جذبہ بڑھانے آتا ہے۔ اس پوری ویڈیو میں پاکستان کے صرف ایک خوشی کے لمحے کو دکھایا گیا ہے جس میں فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی وکٹ لینے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں جشن منا رہے ہیں۔ تاہم پاکستانی شائقین آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پرومو ویڈیو سے زیادہ متاثر نہیں ہوئے اور کئی شائقین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں نمبر ون بلے باز پاکستانی کپتان بابر اعظم ویڈیو میں کہیں نظر نہیں آئے۔