عدم تشدد سب سے بڑا فرض ہے، عدم تشدد سب سے بڑی تپسیا ہے، اور عدم تشدد حتمی سچائی ہے// وزیر اعظم
سرینگر// یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو راج گھاٹ پر بابائے قوممہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ باپو کے لازوال نظریات ملک کی ہر دور میں رہنمائی کرتے رہیں گے اور ان کے اصول، انصاف، ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت سے جڑے ہندوستان کی تعمیر کے لیے ان کی وابستگی آج بھی ایک مثال ہیں۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس (X) پر اپنے پیغام میں لکھا’’راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے لازوال نظریات ہمارے ملک کی ہر دور میں رہنمائی کرتے رہیں گے۔ ہم ان کے اصولوں اور انصاف، ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت سے جڑے ہندوستان کی تعمیر کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘وزیر اعظم نے مزید کہا کہ باپو نے ہمیشہ سودیشی پر زور دیا، جو ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کے عزم کا بنیادی ستون بھی ہے۔ انہوں نے کہا’’ان کی شخصیت اور ان کے کام ہمیشہ ملک کے عوام کو فرض کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔‘‘وزیر اعظم نے ایک سنسکرت سبھاشتم بھی شیئر کیا، جس میں باپو کے انسانیت کے تحفظ کے لیے عدم تشدد پر زور دیا گیا۔انہوں نے لکھا’’اس سبھاشتم کا مفہوم یہ ہے کہ عدم تشدد سب سے بڑا فرض ہے، عدم تشدد سب سے بڑی تپسیا ہے، اور عدم تشدد حتمی سچائی ہے، جس راہ پر تمام دھرم چلتے ہیں۔وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا’’پوجیا باپو نے انسانی زندگی کی حفاظت کے لیے ہمیشہ عدم تشدد پر زور دیا۔ یہی طاقت ہے جو بغیر ہتھیار کے دنیا کو بدل سکتی ہے۔‘‘راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے اس موقع پر ملک بھر کے عوام کو ان کے نظریات اور اصولوں پر عمل کرنے کی ترغیب دی گئی اور ان کی تعلیمات کو موجودہ دور کے چیلنجز، عدلیہ، سماجی ہم آہنگی اور انسانی خدمت کے لیے مشعل راہ قرار دیا گیا۔










