ADC Ganderbal supervises General Training for Poll Staff at GDC Kangan

اے ڈی سی گاندربل نے جی ڈی سی کنگن میں اِنتخابی عملے کیلئے عام تربیت کی نگرانی کی

گاندربل//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) گاندربل گلزار احمد نے آئندہ لوک سبھا اِنتخابات۔ 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں آج گورنمنٹ ڈگری کالج کنگن میں اِنتخابی عملہ کے لئے جاری عام تربیت کی نگرانی کی۔ضلع بھر میں25 ؍مارچ سے شروع ہونے والا تربیتی پروگرام تین مختلف مقامات پر منعقد کیا جارہا ہے اور 30؍ مارچ 2024 ء تک جاری رہے گا۔اِس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد اِنتخابی عملے کو ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ بہتر اور مؤثر انتخابی عمل کو آسان بنایا جاسکے۔اِس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) اور ووٹر ویریفایبل پیپر آڈٹ ٹریل (وِی وِی پی اے ٹی) مشینوں کے آپریشن، پولنگ کے عمل اور الیکشن سے متعلق دستاویزات کو سنبھالنے سمیت اِنتخابی ڈیوٹی کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ڈِسٹرکٹ لیول کے ماسٹر ٹرینروں کی جانب سے تربیتی سیشنوںکا اِنعقاد کیا جا رہا ہے جس سے اِنتخابی عملہ کے لئے جامع ہدایات اور رہنمائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اے ڈی سی نے جی ڈی سی کنگن کے دورے کے دوران ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ہمراہ انتظامات کا جائزہ لیا اور اِنتخابی عملہ کو آئندہ اِنتخابات کے دوران ان کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے عملے پر زور دیا کہ وہ اَپنی صلاحیتوں اور علم کو بڑھانے کے لئے تربیت کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کریں۔