اے آر آئی اینڈ ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ نے جموں میں صحت خدمات کا جامع معائینہ کیا

جموں//یوٹی حکومت کی ہدایات پر تمام محکموں میں روزمرہ کے سرکاری طریقۂ کار میں اِصلاحات اور یکسانیت لانے کے لئے جاری انتظامی معائینے کے سلسلے میں جموںوکشمیر یوٹی میں ایڈمنسٹریٹیو ریفارمزاِنسپکشن (اے آر آئی) اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے عمل کیا جا رہا ہے۔اے آر آئی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران کی سربراہی میں مختلف ٹیموں کے ذریعے اَب تک 20 محکموں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔سیکرٹری ٹیکینکل اے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار کی قیادت میں آج ایک ٹیم نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموں (ڈِی ایچ ایس جے) اور گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر جموں کا معائینہ کیا۔اِس ٹیم میں اَنڈر سیکرٹری اے آر آئی ڈاکٹر رمن جنڈیال، جگدیش کھجوریہ، سنجے پنڈتا، اَشوک کمار کے ساتھ دیگر مضامین کے ماہرین شامل تھے۔ اُنہوں نے اہم امور پر بات چیت کی، ریکارڈ کا موقعہ پر معائینہ کیا اور اے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے وضع کردہ گائیڈ لائنز اور ماڈل پرفارما کے عمل آوری کا جائزہ لیا۔مختلف محکموں کے سربراہان، وزارتی اور تکنیکی عملے کے ساتھ ساتھ عوام اور مریضوں سے براہِ راست بات چیت کی گئی۔ معائینے میں مختلف سہولیات اور آلات کا مکمل جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر راکیش مگوترا نے مریضوں کی نگہداشت کے لئے محکمہ کی طرف کئے جانے والے کاموں کے بارے میں روشنی ڈالی اور کچھ مسائل کو بھی اُجاگر کیا جن کی ٹیم نے نشاندہی کی۔ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ زندگی کے مریضوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بہت سی اختراعات شامل کی گئی ہیں۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ اے آر آئی اینڈ ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر یوٹی کی بہتر خدمات کی فراہمی اور مجموعی ترقی کے لئے ان کے کام کاج میں اِصلاحات اور عمدگی لانے میں تمام محکموں کی مدد کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ جموں نے بروقت اِنتظامی معائینہ کرنے پر ٹیم کا شکریہ اِدا کیا جس سے یقینی طور پر جموںوکشمیر کے مریضوں کو صحت کی بہتر خدمات کی فراہمی میں مزید اِصلاحات اور شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔