ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اتحاد اور نظم و ضبط پر زور

ایک نہ ایک دن نئی دلی کو اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہی پڑیگا

جموں وکشمیر کو دلدل میں دھکیلنے والے آج واویلا کرنے میں پیش پیش / ڈاکٹر فاروق

سرینگر // جموں و کشمیر اور لداخ کی انفرادیت، وحدت، شناخت اور آپسی ہم آہنگی کیساتھ ساتھ تینوں خطوں کی تذہب و تمدن، ثقافت اور مقامی زبانوں کا تحفظ کی ذمہ داری ہر ایک پشتینی باشندے کی بنتی ہے اور اس میں نوجوانوں کا رول کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حلقہ انتخاب اننت ناگ ویسٹ کے عہدیداروں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے ایڈوکیٹ عبدالمجید لازمی کررہے تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھی ہیں جنہوں نے اپنی تہذیب و تمدن، ثقافت، کلچر اور زبان کی حفاظت کی اور اُن قوموں کا نام ونشان صف ہستی سے مٹ گیا جنہوں نے ان چیزوں کی قدر نہیں کی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی میراث اور تاریخ کا بھرپور مطالعہ کریں، اس کے سیاسی ارتقاء کو سمجھیں، اور ان لوگوں کی قربانیوں کا احترام کریں جن کی بدولت ہمیں آئینی ا ورجمہوری حقوق حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ شخصی راج کی غلامی سے نجات ملی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نوجوانوں کو اُن شخصیات کے رول کو کبھی بھی فراموش نہیں کرنا چاہئے جن کی بیش بہا قربانیوں، تاریخ اور انقلابی اقدامات کی بدولت یہاں غربت، افلاس اور ناخواندگی کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا مستقبل اس کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، اور ایک خوشحال اور جامع مستقبل کے لئے انہیں خطے کی سیاسی تاریخ اور اس کی شناخت کو تشکیل دینے والی جدوجہد سے گہری واقفیت ہونی چاہیے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموںوکشمیر کے عوام نے سخت ترین ادوار دیکھے ہیں اور ثابت قدم رہ کر ان کا مقابلہ کیا ہے۔ 5اگست2019کو یہاں کے عوام کیساتھ دھوکہ کیا گیا اور نئی دلی نے اُس رشتے کو تہس نہس کردیا جس کی تحت اس تاریخی ریاست کا ملک کیساتھ الحاق ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے عوام اپنے حقوق واپس لے کر ہی رہیں گے چاہئے اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے، ایک نہ ایک دن نئی دلی کو اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی اس بات کی ہے کہ جن لوگوں نے جموں و کشمیر کو موجودہ دلدل میں ڈالا اور بھاجپا کے ہر ادارے کو کامیاب بنانے میں تعاون پیش کیا وہی آج واویلا کرنے میں پیش پیش ہیں اور نیشنل کانفرنس حکومت کیخلاف تنقید برائے تنقید میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموںوکشمیر اور یہاں کے عوام کے مفادات کیخلاف کوئی بھی کام نہیں کریگی اور اپنے حریفوں کی طرح اقتدار کی خاطر سودا بازی نہیں کرینگے۔ہماری طاقت عوام سے آتی ہے اور عوام نے ہی ہمیں اقتدار میں لایا ہے اور ہم یہاں کے عوام کی خدمت کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے۔