رام بن//ضلع رام کے الیکشن ایکس پنڈیچر اوبزرور سلیکھ چند جین نے آج ضلع ترقیاتی کمشنررام بن بصیر الحق چودھری کی رہنمائی میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے پولنگ عملے کی تربیت کے مقام کا دورہ کیا۔ضلع میں اسمبلی اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پولنگ کے عمل سے وابستہ عملے کو تربیت دی جارہی ہے۔ایکس پنڈیچر اوبزرور کے ہمراہ ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر (ڈِی اِی او) رام بن عبدالجبار بھی تھے۔ اوبزرور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) اور ووٹر ویریفایبل پیپر آڈِٹ ٹریل (وِی وِی پی اے ٹی) سسٹم کو چلانے کی تربیت فراہم کرنے والے ٹرینی عملے سے بات چیت کی۔ایکس پنڈیچر نے شرکأ سے خطاب کرتے ہوئے اِی وِی ایم اور وِی وِی پی اے ٹی چلانے میں ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور اِنتخابات کے کامیاب اِنعقاد کے لئے ضروری معلومات حاصل کرنے کے لئے تربیت کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈپٹی ڈی اِی او نے اِستفساری سیشن کے دوران شرکأکی جانب سے ان کی پولنگ ڈیوٹی کے حوالے سے اُٹھائے گئے سوالات اورمسائل کے جوابات دیئے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام شکوک و شبہات کی وضاحت کی جائے۔










