ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال برزلہ میں خدمات کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال برزلہ میں خدمات کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی

سرینگر / /صحت اور طبی تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری وویک بھردواج نے صبح بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال برزلہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں جمعہ کی شام کو آگ لگنے کے واقعے کے بعد کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ مسٹر بھردواج ، جو اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جموں سے پہنچ گئے ، نے ہسپتال کے تمام حصوں کا دورہ کیا اور ہسپتال کے حکام ، جی ایم سی سرینگر اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر سے براہ راست معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگائیں کیونکہ فائیر سیفٹی کے باقاعدہ آڈٹ اور تمام مناسب اقدامات کے پیش نظر اس نوعیت کے کسی بھی واقعے کی توقع نہیں تھی ۔ مستقبل میں تمام ممکنہ احتیاط کا یقین دلاتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا ’’ یہ واقعی بڑی راحت کی بات ہے کہ تمام مریضوں کو جائے حادثہ سے بحفاظت نکال لیا گیا ۔ واقعہ کے چند گھنٹوں کے اندر بحالی کا کافی کام ہوا اور او پی ڈی کو جلد سے جلد فعال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام کوششیں زوروں پر ہیں کہ ہسپتال میں اگلے دس دنوں کے اندر تمام خدمات بحال ہو جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ برزلہ کا بی اینڈ جے ہسپتال کشمیر کے لوگوں کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ اس ہسپتال میں روزانہ تقریباً 20 سرجیکل آپریشن کئے جاتے ہیں ‘‘۔ مسٹربھردواج نے ڈویژنل کمشنر ، ضلعی انتظامیہ ، ہسپتال کے ایم ایس اور ڈاکٹروں ، فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز کے اہلکاروں اور مقامی رضا کاروں کی ریسکیو کوششوں میں فوری تعاون کیلئے ان کی فوری کوششوں کی تعریف کی ۔