سنبل سینٹر کیلئے زمین کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ سکینہ اِیتو
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو بتایا کہ این ٹی پی ایچ سی ہری پورہ پہلے ہی محکمہ صحت کی تین کمروں والی سرکاری عمارت میں کام کر رہا ہے۔وزیر موصوفہ جاری بجٹ سیشن کے دوران وقفۂ سوالا ت کے دوران رُکن اسمبلی کنگن میاں مہر علی کے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوںنے ایوان کو بتایا کہ اگر مریضوں کی نگہداشت کے مفاد میں ضرورت پیش آئی تو سہولیات میں توسیع پر غور کیا جا سکتا ہے۔وزیرصحت و طبی تعلیم نے مزید کہا کہ این ٹی پی ایچ سی سنبل کے لئے جو اس وقت کرایہ کی عمارت میں کام کر رہا ہے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو ہدایت دی گئی کہ وہ مناسب زمین کی نشاندہی کریں۔اُنہوں نے کہا،’’ابھی تک این ٹی پی ایچ سی کی عمارت کی تعمیر کے لئے کوئی فنڈز منظور یا تجویز نہیں کئے گئے ہیں جس پر غور کیا جائے گا۔ باقاعدہ طور پر بلا رُکاوٹ زمین کی منتقلی اور مرحلہ وار بجٹ کی دستیابی کے بعد اس پر غور کیا جائے گا۔‘‘










