سری نگر//نیشنل سکول آف ڈراما ( این ایس ڈی ) سری نگر کے تھیٹر اِن ایجوکیشن ( ٹی آئی اِی ) سینٹر کی 15 روزہ ڈراما اِن ایجوکیشن ورکشاپ اِختتام پذیر ہوا ۔جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجز کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اِس ورکشاپ کا مقصد کشمیر ی نوجوانوں کو ڈراما میں تعلیم کی تکنیکوں اور باریکیوں سے متعارف کرانا تھا۔منوج بھاٹیہ ، حفیظ خان ، منیش سینی اور دپندر راوت دیگر تھیٹر پریکٹیشنرز تھے جنہوں نے ورکشاپ کے شرکأ کو نئے دور کے ڈراموں کی باریکیاں فراہم کیں۔این ایس ڈی کے ٹی آئی اِی چیف عبداللطیف کٹھانہ اور ٹی آئی اِی سری نگر کے کوآرڈی نیٹر گلزار احمد کی نگرانی میں تھیٹر اَفراد نے ورکشاپ کے دوران متنوعی موضوعات کا احاطہ کیا۔کولگام ، پلوامہ ، گاندربل ، سری نگر اور بڈگام سمیت وادی کے مختلف اَضلاع کے تمام 20طلباء نے ورکشاپ میں حصہ لیا جس میں بنیادی طور پر ڈرامہ اور اِس کے نئے دور کی انواع پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ورکشاپ پر تبصرہ کرتے ہوئے این ایس ڈی کے سری نگر کوآرڈی نیٹر گلزار احمد نے کہا کہ ٹی آئی اِی آنے والے مہینوں میں بھی وادی کشمیر میں اِس طرح کی تقریبات کا اِنعقاد جاری رکھے گا۔کوآرڈی نیٹر گلزار احمد نے کہا،’’ ہمارا مقصد تھیٹر کے شائقین کے زیادہ سے زیادہ متنوع گروپوں کو تربیت دینا ہے اور وادی میں ڈراما ٹیلنٹ پول بنانے پر توجہ دی جائے۔‘‘یہاں یہ بات واضح ہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں اِس کے اِفتتاح کے بعد یہ کشمیر میں تھیٹر اِن ایجوکیشن سری نگر سینٹر کی پہلی باضابطہ سرگرمی تھی۔ورکشاپ کی اِختتامی تقریب میں اکیڈیمی سری نگر میں مقیم سینئر عہد یداروں اور این ایس ڈی کی تدریسی فیکلٹی نے بھی شرکت کی۔










