این آئی اِی ایل آئی ٹی نے ایم اِی آئی ٹی وائی کے ڈیجیٹل جے اینڈ کے پروجیکٹ کے تحت جموں میں’ میگا جاب فیئر‘ کا اِنعقاد کیا

جموں//نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی اِی ایل آئی ٹی) جموں نے بدھ کے روز یہاں کنونشن سینٹرکنال روڈ میںمرکزی وزارتِ الیکٹرانکس و اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم اِی آئی ٹی وائی) کے زیر اہتمام ڈیجیٹل جے اینڈ کے پروجیکٹ کے تحت ایک ’میگا جاب فیئر‘ کا اِنعقاد کیا۔ میلے کے دوران تکنیکی اور مارکیٹنگ شعبوں میں زائد اَز500اَسامیوں کی پیشکش کی گئی جس میں آئی ٹی سروسز، الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ اوراس سے منسلک صنعتوں کی 20سے زیادہ معروف کمپنیوں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر و آفیسر اِن چارج این آئی اِی ایل آئی ٹی جموں رجنیش رینہ نے خطاب کرتے ہوئے اس میلے کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ یہ صنعت کی ضروریات اور ہنر مند نوجوانوں کے درمیان خلا کو پُرکرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اُنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اَپنی ٹیم، ٹرینروں اور مہمان نوازی و پروٹوکول محکمہ کی کوششوں کو سراہا۔جوائنٹ ڈائریکٹر اور ایونٹ کوآرڈی نیٹرسریتا کور نے اَپنے خطاب میں کمپنیوں اور اُمیدواروں کی طرف سے میلے میںدِکھائے گئے اعتماد اور جوش کو اُجاگر کیا۔ پلیس منٹ آفیسر کنچن کول نے کہا کہ اس اَقدام نے شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کو یقینی بنایا جبکہ سی جی سی کوآرڈی نیٹر گوپال شرن نے کہا کہ این آئی اِی ایل آئی ٹی کے ساتھ کیریئر گائیڈنس اور کونسلنگ کے اِشتراک سے صنعت اور تعلیمی اِداروں کے درمیان تعاون کوتقویت ملے گی اور طلبأ کو منظم رہنمائی اور ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے۔اِس تقریب میں پورے یونین ٹیریٹری سے فارغ التحصیل اَفراد، ڈپلوما ہولڈروں اور ہنر مند نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے سکل ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے اورمرکزی حکومت کے ڈیجیٹل بااِختیار بنانے اور جامع ترقی کے ویژن کے ساتھ ہم آہنگ ہونے میں این آئی اِی ایل آئی ٹی جموں کے رول کو تقویت ملی۔