ایم ایل ایز سی ڈِی ایف سے آفت زدگان

ایم ایل ایز سی ڈِی ایف سے آفت زدگان

بشمول آگ سے متاثرہ کنبوں کیلئے رہائشی اِمداد کیلئے 50 لاکھ روپے تک خرچ کرسکتے ہیں۔ وزیرا علیٰ عمر عبداللہ

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مقننہ کے سیشن میں بتایا کہ حلقہ ترقیاتی فنڈ (سی ڈِی ایف) سکیم کے تحت فنڈز جموں و کشمیر کی تمام اسمبلی حلقوں میں متعلقہ ایم ایل ایز کی نشاندہی اور سفارش کردہ کاموں کے لئے محکمہ خزانہ کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق استعمال کئے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ جاری بجٹ سیشن کے دوران ممبر اسمبلی حبہ کدل شمیم فردوس کی جانب سے پیش کردہ توجہ دِلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے سی ڈی ایف رہنما خطوط میں ترمیم کرتے ہوئے امداد کے دائرہ کار کو وسیع کیا ہے۔ نظرثانی شدہ ضوابط کے مطابق اب ایم ایل ایز مالی برس 2026-27 کے لئے اپنے سی ڈی ایف سے 50 لاکھ روپے تک کی رقم آفات سے متاثرہ کنبوں کے لئے رہائشی اِمداد فراہم کرنے بشمول مکانات کی تعمیر نو اور مرمت پر خرچ کر سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ فی کنبہ امداد کی حد ایک لاکھ مقرر کی گئی ہے اور اہم بات یہ ہے کہ یہ فائدہ صرف قبائلی یا بی پی ایل کنبوں تک محدود نہیں بلکہ تمام متاثرہ کنبوں کے لئے دستیاب ہے۔اُنہوں نے ترمیم شدہ رہنما خطوط میں ’’آفت’‘‘کے دائرہ کار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس میںآگ کے واقعات سمیت اہم نقصان یا نقصان پہنچانے والے تمام واقعات شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ضلع سری نگر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایم ایل اے حبہ کدل کی جانب سے سی ڈی ایف سکیم کے تحت آگ سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے 24 معاملات موصول ہوئے جن کی تخمینی لاگت 12.80 لاکھ ہے۔ ان میں سے پانچ معاملات تمام ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد اضافی اِمداد کے لئے منظور کئے جا چکے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ باقی 19 معاملات ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کے دفتر میں جانچ اور تخمینے کے مرحلے میں ہیں اور اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ایم ایل اے کی طرف سے تجویز کردہ تمام اہل معاملات پر مقررہ اصولوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔