ایل جی نے جموں سے دلی کیلئے پہلی نائٹ فلائٹ کو روانہ کیا

سرینگر// جموں سے شبانہ پروازوں کا باضابطہ آغاز کیا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں سے دلی جانے والی پہلی پروز کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ پہلے مرحلے میں شبانہ پروازیں اشیاء خوردنی اور دیگر اہم چیزیں لانے اور لے جانے کیلئے استعمال کی جارہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مسافر بردار طیاروں کو چلنے کی اجازت ہوگی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں شبانہ پروازوں کا آغاز ہوا ہے اس سلسلے میں جموں کے ہوائی اڈے سے شبانہ پروازوں کا افتتاح ہوا جبکہ عنقریب ہی سرینگر کے ہوائی اڈے سے بھی شبانہ پروازیں شروع کی جارہی ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک تاریخی اقدام کے تحت ، لیفٹیننٹ گورنر ، منوج سنہا نے جموں ہوائی اڈے پر نائٹ فلائٹ آپریشن کا افتتاح کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں سے دہلی جانے والی گو ایئر کی رات گئے پہلی پرواز کو عملی طور پر پرچم دکھا کرروانہ کیا۔ انہوں نے شبانہ پروازوں کے آغاز کے لئے لازمی طور پر مختلف طریقہ کار اور زمینی سہولیات کی تکمیل کو یقینی بنانے اور اس کے لئے حکومت ہند اور مختلف ایجنسیوں کی حمایت کا اعتراف کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس سہولت سے مسافروں کو راحت ملے گی اور اس کے نتیجے میں خطے کی معیشت پر طویل مدتی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔نائٹ فلائٹ آپریشن کے آغاز سے ہوائی رابطے کو بڑھاوا دینے اور خطے میں سیاحت کے فروغ میں اضافے سے مقامی معیشت ، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ اس سے جموں ڈویڑن کے رہائشیوں کو قومی دارالحکومت اور اس سے آگے کا سفر کرنے کے لئے بھی ضروری راحت فراہم ہوگی۔خاص طور پر ، اس اقدام سے خطے کے کسانوں کو بھی فائدہ ہو گا کیونکہ یو ٹی حکومت نے حال ہی میں جموں و کشمیر سے سبزیوں اور پھلوں کی سبسڈی سے ہوائی نقل و حمل کے لئے گو ایئر کے ساتھ ایک معاہدہ نامہ کیا ہے ، جس میں سری نگر سے چیری اور جموں لیچی کی پہلی کھیپ دبئی اور ممبئی بالترتیب روانہ کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شبانہ پروازیں سرینگر سے بھی عنقریب شروع کی جارہی ہیںتاہم موسم سرماء میں سرینگر کے ہوائی اڈے سے شبانہ پروازوں میں مشکل آسکتی ہے کیوںکہ مطلع ابرآلود اور موسم ناساگار رہنے کے نتیجے میں رات کے دوران پروازوں کو فضاء میں سفر کرنے میں دشواریاں پیس آرہی ہے ۔