tanveer ahmad khan I A S

ایل جی منوج سنہا کی آئی ای ایس کوالیفائی کرنے والے کشمیری نوجوان کو مبارک باد

سری نگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے انڈین اکنامک سروس (آئی ای ایس) امتحان سال 2020 میں قومی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نوجوان کو مبارک باد پیش کی ہے۔بتا دیں کہ ضلع کولگام کے نگین پورہ کنڈ سے تعلق رکھنے والے تنویر احمد خان نامی نوجوان نے یونین پبلک سروس کمیشن کی طرف سے منعقدہ انڈین اکنامک سروس (آئی ای ایس) کے امتحان میں آل انڈیا سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے تنویر احمد خان کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوان موروثی طور پر قابل اور صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘انڈین اکنامک سروس (آئی ای ایس) میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر تنویر احمد خان ساکن نگین پورہ کنڈ کولگام کو مبارک، میں ہمیشہ سے یہ مانتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے نوجوان موروثی طور قابل اور صلاحیتوں سے بھرپور ہیں، ان کے اس کارنامے سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، میں ان کے شاندار اور تابناک کیرئر کا خواہش مند ہوں۔دریں اثنا تنویر احمد نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی اچھے اساتذہ، کتابوں اور میرے جذبے کا نتیجہ ہے تاہم انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے اپنے نقصانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں کے طلبا صلاحیتوں سے بھرپور ہیں لیکن یہاں سہولیات کا فقدان ہے اور آج آن لائن ایجوکیشن کے لئے انٹرنیٹ کا ہونا ضروری ہے۔اپنے تعلیمی سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے موصوف کا کہنا تھا: ‘میں نے ایک مقامی سرکاری پرائمری اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ سے گریجویشن مکمل کی اور اس کے بعد سال 2018 میں کشمیر یونیورسٹی سے ‘اکنامکس‘ مضمون میں پوسٹ گریجویشن مکمل کی۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر یونیورسٹی سے پوسٹ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد میں نے کولکتہ میں ‘ڈیولپمنٹ اسٹڈیز’ میں حال ہی میں ایم فل کی ڈگری مکمل کی اور وہاں میں اس کے ساتھ ساتھ آئی ای ایس کے لئے بھی تیاریاں کر رہا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والا تنویر احمد خان کشمیر کا پہلا نوجوان ہے جس نے یہ مسابقتی امتحان کوالیفائی کیا ہے۔