دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد دیگر متعدد امریکی گلوکاراؤں و اداکاراؤں کی طرح فلسطینی نژاد امریکی ماڈل جی جی حدید نے بھی ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ غیر فعال کردیا۔ایلون مسک نے اپریل 2022 میں ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا جس کے بعد گزشتہ ماہ 28 اکتوبر کو انہوں نے اس کا انتظام سنبھالتے ہوئے ہزاروں افراد کو ملازمتوں سے نکالنے اور ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز سے ماہانہ فیس وصول کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایلون مسک کے ایسے فیصلوں کے بعد ان پر تنقید بھی کی جا رہی ہے، تاہم وہ اپنی ضد پر قائم ہیں، جس کے بعد متعدد معروف شخصیات نے پلیٹ فارم کو خدا حافط کہنا شروع کردیا۔شوبز ویب سائٹ ’پیج سکس‘ کے مطابق جی جی حدید نے ٹوئٹر کی انسانی حقوق کی پوری ٹیم کو ملازمت سے فارغ کیے جانے کی خبر کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اپنا اکاؤنٹ غیر فعال کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے واضح طور پر لکھا کہ وہ نفرت اور تصب کو پھیلانے والے پلیٹ فارم کا مزید حصہ نہیں رہ سکتیں، انہیں ایک دہائی کے بعد اپنا اکاؤنٹ غیر فعال کرنے پر افسوس ہے۔جی جی حدید نے لکھا کہ انہوں نے 10 سال تک ٹوئٹر پر مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھا لیکن اب ایسا کرنا ممکن نہیں، کیوں کہ اب ٹوئٹر تعصب کا مرکز بن چکا ہے۔انہوں نے ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال کرنے پر مداحوں سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ وہ طویل عرصے تک اپنا کاؤنٹ غیر فعال کر رہی ہیں۔جی جی حدید سے قبل بھی متعدد امریکی معروف گلوکارائیں اور اداکارائیں بھی ٹوئٹر کو خدا حافظ کہ چکی ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کے مطابق سینیئر امریکی اداکارہ ٹی لیونی نے بھی ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد پلیٹ فارم کو خدا حافظ کہا۔ان کی طرح اداکارہ، گلوکارہ اور نغمہ نگار سارا بیریلز، گلوکارہ ٹونی بریکسٹن اور ٹی وی اسٹار شوندا ریمس نے بھی ایلون مسک کی جانب سے کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد ٹوئٹر کو خیرباد کہا تھا۔مذکورہ تمام اداکارائوں نے ٹوئٹر پر اپنی آخری آخری ٹوئٹس میں پلیٹ فارم کو غیر معینہ مدت تک خدا حافظ کہنے کی بھی تصدیق کی۔علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک کی جانب سے کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد ان کی سابق محبوبہ امبر ہرڈ کا اکاؤنٹ بھی غیر فعال ہوگیا یا ڈیلیٹ کردیا گیا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ ایلون مسک کی انسانی حقوق کی پامالیوں پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے ممکنہ طور پر مزید معروف اور اہم شخصیات ٹوئٹر کو خدا حافظ کہیں گی۔










