آئندہ سال ایشیا کپ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہونا طے ہے، لیکن ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرنا چاہتی۔ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ پاکستان کی جگہ کسی دوسرے مقام پر کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ نے منگل کے روز بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد واضح الفاظ میں بورڈ کا نظریہ لوگوں کے سامنے رکھا۔دراصل 2023 سیزن کا ایشیا کپ آئی سی سی کے مستقبل کے پروگرام کے مطابق پاکستان کو الاٹ کیا گیا ہے۔ حالانکہ بی سی سی آئی اپنی اے جی ایم کے بعد اس نتیجہ پر پہنچا کہ وہ ٹورنامنٹ کے لیے اپنے پڑوسی ملک کا سفر نہیں کرے گا اور مطالبہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو دوسری جگہ پر لے جایا جائے۔کرک بز نے جئے شاہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’ہم ایشیا کپ کے لیے دوسری جگہ کا مطالبہ کریں گے، کیونکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاکستان کا سفر نہیں کریں گے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے طے کیا ہے کہ ہم دوسری جگہ پر کھیلیں گے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ کا سیزن 2022 بھی الاٹ ملک یعنی سری لنکا کی جگہ دوسری جگہ پر کھیلا گیا تھا۔ وجہ یہ تھی کہ میزبان ملک سری لنکا معاشی اور سیاسی بحران کا شکار تھا۔ ٹورنامنٹ کو یو اے ای میں منعقد کیا گیا تھا جہاں فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر سری لنکا چمپئن بنا تھا۔










